منفعت بخش عہدے رکھنے کا معاملہ عآپ کے 20 ارکان اسمبلی کیلئے خطرات

نئی دہلی، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) منفعت بخش عہدہ کے معاملے میں عام آدمی پارٹی کے 20 ارکان اسمبلی کی رکنیت پر خطرات کے بادل نظر آنے لگے ہیں۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ان ارکان کو پارلیمانی سکریٹری کے طور پر تقرری کو مسترد کرنے کے حکم کے بعد اس معاملے کو ختم کرنے کی عرضی الیکشن کمیشن نے خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیس جاری رہے گا۔دہلی حکومت نے 13 مارچ 2015 کو عآپ کے 21 ارکان اسمبلی کو پارلیمانی سکریٹری مقرر کیا تھا۔ اسکے خلاف پرشانت پٹیل نامی وکیل نے 19 جون کو صدر سے شکایت کی تھی۔ صدر نے 22 جون کو یہ عرضی الیکشن کمیشن کو بھیج دی تھی۔ ان 21 اراکین اسمبلی میں سے ایک جرنیل سنگھ استعفیٰ دے چکے ہیں۔ وہ پنجاب اسمبلی انتخابات میں سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کے خلاف لمبی حلقہ سے الیکشن ہار گئے تھے ۔دہلی ہائیکورٹ نے گزشتہ سال 8ستمبر کو پارلیمانی سکریٹریوں کی تقرریوں کو منسوخ کر دیا تھا۔ اس معاملے میں ملوث ممبران اسمبلی نے کمیشن کے سامنے دلیل دی تھی کہ ہائی کورٹ ان کی تقرری منسوخ کر چکا ہے لہذا یہ معاملہ ختم کر دیا جانا چاہئے ۔