املی بن بس اسٹیشن کے قریب 2 تا 3 کروڑ روپئے مالیتی منشیات ضبط
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس اور کمشنر ٹاسک فورس ایک مشترکہ کارروائی میں شہر میں منشیات کے کاروبار میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے کثیر مقدار میں ڈرگس برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے بتایا کہ پولیس نے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کالی قبر کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے ایک بیاگ برآمد کیا ، تلاشی کے دوران بیاگ سے 850 گرام ممنوعہ منشیات برآمد کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی فارنسک (کلوز ٹیم) نے ممنوعہ منشیات کے معائنے کے بعد اسے Ephedrine ڈرگس قرار دیا جو انسداد نارکوٹک قانون میں ممنوع ہے ۔ ضبط شدہ ڈرگس کی قیمت انٹرنیشنل مارکٹ میں 2 تا 3 کروڑ بتائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ پی کیشوا شیوا ہے جس کا تعلق تروپتی سے ہے وہ اپنے دیگر ساتھیوں آر سری پون کمار عرف ڈینیل، آر سریش ریڈی ، پی ہیمنت کمار گوڑ متوطن وشاکھاپٹنم ، پی پروین ریڈی جو ایس آر نگر علاقہ میں بار اینڈ رسٹورنٹ چلاتا ہے ۔ مذکورہ افراد رئیل اسٹیٹ کاروبار کے ذریعہ ایک دوسرے سے رابطہ قائم کیا اور بعد ازاں آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے ڈرگس کے کاروبار کا آغاز کیا ۔ ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ اس ڈرگس ریاکٹ سے تعلق رکھنے والے نارائن ریڈی کی پولیس کو تلاش ہے جس نے شہر میں ڈرگس ریاکٹ کا نیٹ ورک قائم کیا ہے ۔ پولیس میرچوک عنقریب گرفتار افراد کو پولیس تحویل میں لیکر ریاکٹ سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرے گی اور اس کے ذریعہ ریاست کے مختلف علاقوں میں موجود ڈرگس نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جائے گا ۔ ساؤتھ زون پولیس نے اس ضمن میں پولیس کی تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔