ممتا ‘ ملائم ‘ نتیش ‘ شرد اور میں متحد : لالو پرساد یادو

لاتیہار ( جھارکھنڈ ) 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ حالانکہ ملک کی کچھ ریاستوں میں جاریہ ماہ کے اواخر اور ڈسمبر میں انتخابات ہیں لیکن وزیر اعظم بیرونی تفریح پر ہیں۔ لالو پرساد نے لاتیہار میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیش میں چناؤ ہیں اور مودی بدیش میں گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ملک کے نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے ۔ نوجوانوں کیلئے روزگار کہاں ہیں ؟ ۔ یہ یاددہانی کرواتے ہوئے کہ بہار میں آر جے ڈی حکومت نے ایل کے اڈوانی کی رتھ یاترا کو سمستی پور میں روک دیا تھا لالو پرساد نے کہا کہ ترنمول کانگریس ‘ سماجوادی پارٹی ‘ جنتادل یو اور آر جے ڈی اب متحد ہو رہی ہیں تاکہ ملک میں فرقہ پرستوں کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ممتا ‘ ملائم ‘ نتیش ‘ شرد اور میں ایک ہوچکے ہیں اور ہم مودی کے عزائم کو بے نقاب کرینگے ۔