ناشائستہ الفاظ کے استعمال پر صدر مغربی بنگال بی جے پی کا انتباہ
کولکتہ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے خلاف غیرپارلیمانی زبان کے استعمال پر وجہ نمائی نوٹس کی اجرائی کے فوری بعد بی جے پی کے ایک لیڈر نے معذرت کا اظہار کیا۔ پرولیا کے جھالڈا علاقہ میں گزشتہ روز ایک اجلاس میں بی جے پی کے ضلع انچارج شیاما پدا مونڈال نے گزشتہ روز چیف منسٹر کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیا تھا۔ بعدازاں بی جے پی کے ریاستی صدر راہول سنہا نے کہا کہ انہوں نے مونڈال کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی تھی جس پر انہوں نے معذرت خواہی کی ہے۔ سنہا نے کہا کہ ’’یہ انتہائی بدبختانہ ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ہمیں کسی کے غلط فیصلوں اور اقدامات کا جواب بدکلامی یا نازیبا الفاظ کے استعمال کے ساتھ نہیں دینا چاہئے۔ انہیں ایسے واقعات کے اعادہ کے خلاف خبردار بھی کیا ہے۔ سنہا نے کہا کہ شخصی طور پر وہ نہ صرف چیف منسٹر بلکہ تمام خواتین سے معذرت خواہی کرتے ہیں۔ ضلع بیربوم کے بی جے پی صدر دودھ کمار مونڈال کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کیا گیا تھا جنہوں نے ترنمول کانگریس کے ہاتھ قلم کردینے کی دھمکی دی تھی۔ مونڈال نے گزشتہ ہفتہ دھمکی دی تھی کہ ٹی ایم سی کارکنوں کے ہاتھ قلم کردیئے جائیں گے ، اگر وہ ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے ورکرس پر مظالم جاری رکھیں گے۔