کولکاتا 19نومبر (یو این آئی)مغربی بنگال کانگریس کے سابق صدر ادھیررنجن چودھری جن کا شمار ممتا بنرجی کے سخت مخالفین میں ہوتا ہے نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ممتا بنرجی کو اپنے پارٹی ورکروں کی بدعنوانیوں سے متعلق علم ہے توانہوں نے کا رروائی کیوں نہیں کی۔گزشتہ ہفتہ ترنمول کانگریس کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں ممتا بنرجی نے پارٹی ورکروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ رشوت خوری اور بدعنوانی میں ملوث افراد سے متعلق وہ جانتی ہیں۔اس پر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ جب "دیدی سب کچھ جانتی ہیں کہ کون رشوت لے رہا ہے اور کس سے لے رہاہے مگر وہ کچھ نہیں کرتی ہیں کیوں کہ یہ سب لوگ ان کے ہیں۔ادھیر رنجن چودھری نے واٹس اپ گروپ میں لکھا ہے کہ ترنمول کانگریس اور ترنمول حکومت دونوں لوگوں کے روپے لوٹنے کے جرم میں شامل ہیں اور ممتا بنرجی خاموش کندھاری بنی ہوئی ہیں۔ادھیر رنجن چودھری نے سی بی آئی سے متعلق ممتا بنرجی کے موقف کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کے عوام پہلے ممتا بنرجی کے منھ سے سی بی آئی سے متعلق سنتے تھے ۔مگر اب ان کا نظریہ اقتدار میں آنے کے بعد بدل چکا ہے ۔اب وہ سی بی آئی کو ٹاٹا۔بائی بائی کررہی ہیں۔میں یہ جانناچاہتا ہوں کہ گزشتہ چند سالوں میں سی بی آئی نے کیا غلطیاں کی ہیں۔چندرابابو نائیڈو کی راہ پر چلتے ہوئے ممتا بنرجی نے بھی سی بی آئی کو بنگال میں جنرل جانچ سے روک دیا ہے ۔ریاستی حکومت کی اجازت لینی ضروری ہوگی۔