ممبئی۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ نے اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے جہاں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ لوک سبھا انتخابات لڑنے کا ذہن بناچکے ہیں اور شاید بی جے پی یا عام آدمی پارٹی ٹکٹ سے انتخابات میں اُتریں گے۔ ایسا شاید پہلی بار ہوا ہے کہ کسی برسر کار پولیس کمشنر نے استعفی دیا ہو۔ 1980ء کے بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر نے مہاراشٹرا کی وزارت داخلہ میں اپنا استعفیٰ پیش کردیا جس کی منظوری کیلئے اسے وزیر اعلیٰ کے دفتر روانہ کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ستیہ پال سنگھ آئندہ سال خدمات سے سبکدوش ہونے والے تھے لیکن اب وہ ممبئی یا اُتر پردیش ( جو اُن کی آبائی ریاست ہے) سے انتخابات لڑیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے استعفیٰ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ نامہ حکومت کے زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی اتحاد، سماجی بھائی چارے اور عالمی امن کیلئے خود کو وقف کردیں گے ،
لیکن انہوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ کون سی پارٹی میں شامل ہونا چاہیئے۔ آئندہ دو یا تین دنوں میں اس کا پتہ چل جائے گا۔یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ 59سالہ سینئر آئی پی ایس آفیسر کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ انہیں اگسٹ 2012ء میں ممبئی کا پولیس کمشنر مقرر کیا گیا تھا جو محکمہ پولیس میں اعلیٰ ترین عہدہ تصور کیا جاتا ہے۔ اپنے 30سالہ طویل کیریئر کے دوران مسٹر سنگھ نے مہاراشٹرا محکمہ پولیس کے کئی عہدوں پر خدما ت انجام دیں۔ واضح رہے کہ دہلی کے حالیہ انتخابات میں بھی کئی سیول اور پولیس ملازمین عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور چند نے انتخابات میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔