ناگپور۔/13مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاستی بی جے پی یونٹ کی عاملہ کمیٹی کا کل ممبئی میں اجلاس منعقد ہوگا جہاں مہاراشٹرا میں مابعد انتخابات صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔عام انتخابات کیلئے مہمات کے اختتام پذیر ہونے اور رائے دہی کے بعد مہاراشٹرا یونٹ کی بی جے پی عاملہ کمیٹی کا پہلی بار اجلاس منعقد ہورہا ہے جہاں 48 لوک سبھا نشستوں کیلئے مختلف اتحادوں خصوصی طور پر بی جے پی کے بارے میں انتخابی نتائج کے 16مئی کو منظر عام پر آنے سے قبل غور و خوض کیا جائے گا۔ دیویندر فڈ نویس نے میڈیاکو یہ بات بتائی۔
اگزٹ پولس وقت گزاری کا بہترین ذریعہ: عمر عبداللہ
سرینگر۔/13مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے اگزٹ پولس کا مضحکہ اُڑایا جہاں این ڈی اے کی زبردست کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی تھی۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اگزٹ پولس ٹائم پاس ( وقت گزاری ) کا اچھا ذریعہ ہے۔ اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہی اگزٹ پول ہے جو سچا ہوسکتا ہے اور وہ 16مئی یعنی جمعہ کے روز منظرِ عام پر آجائے گا۔ عمر عبداللہ نے مختلف ٹی وی چیانلس کے ذریعہ نشر کئے جانے والے اگزٹ پولس پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا جہاں این ڈی اے کو 2014ء عام انتخابات کا کامیاب ترین اتحاد قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگزٹ پولس کی کوئی حقیقت یا افادیت نہیں ہے۔