چینائی ۔ 7 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی متواتر چوتھی کامیابی درج کرانے کے بعد بلند حوصلہ ممبئی انڈینس کی یہی کوشش رہے گی کہ اپنے جیت کے تواتر کو وسعت دی جائے اور جاریہ انڈین پریمیر لیگ کے اپنے اگلے میچ میں جو کل یہاں ٹیبل ٹاپرس چینائی سوپر کنگس کے ساتھ مقرر ہے ، ایک اور فتح کے ساتھ ٹاپ 4 میں شمولیت کو یقینی بنانے کی سمت پیشرفت کی جائے ۔ کبھی اچھا اور کبھی خراب مظاہرہ کرنے والے دہلی ڈیرڈیولس کے مقابل اپنے گزشتہ میچ میں 5 وکٹ کی کامیابی نے پرجوش واپسی کرنے والی ایم آئی ٹیم کو بلاشبہ حوصلہ بخشا ہے کہ وہ یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں طاقتور سوپر کنگس کا مقابلہ کریں ۔ سیزن کی شروعات چار لگاتار شکستوں کے ساتھ کرنے کے بعد ممبئی انڈینس نے قابل ستائش انداز میں واپسی کی ہے اور موجودہ طورپر 10 میچوں سے 10پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہیں لیکن رائل چیلنجرس بنگلور (11) اور کولکاتا نائیٹ رائیڈرس (11) سے ذرا سے پیچھے ہیں۔ کل جمعہ کو جیت کی صورت میں وہ خود بہ خود سرفہرست 4 ٹیموں میں شامل ہوجائیں گے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ممبئی کی ٹیم کو پلے آف مرحلے تک رسائی کا فی الواقع موقع بھی مل جائیگا ۔
تاہم چینائی کو ہرانا ہرگز آسان کام نہیں ،بالخصوص تمام سیزن میں اس آئی پی ایل ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر غیرمعمولی کھیلا ہے۔ ممبئی انڈینس ایسا لگتا ہے کہ درست وقت مائل بہ عروج ہیں ، کیوں کہ لینڈل سیمنس ، پارتھیو پٹیل ، کپتان روہت شرما ، امباٹی رائیڈو ، کیرن پولارڈ بیک وقت شاندار کھیلنے لگے ہیں۔ اس ٹورنمنٹ میں اُن کیلئے ابتدائی مرحلہ ایسا بھی رہا کہ کلیدی کھلاڑی زخموں سے بے حال رہے یا پھر فام میں نظر نہیں آئے ۔ بولنگ ڈپارٹمنٹ جس کی قیادت سری لنکا کے لستھ ملنگا کررہے ہیں ، اُس نے ابھی تک کافی اچھا مظاہرہ کیا ہے ۔ اگر ملنگا ، ونے کمار اور ہربھجن سنگھ اپنی ساکھ کے مطابق کھیل پائیں تو وہ سوپر کنگس کیخلاف کانٹے کا مقابلہ پیش کرسکتے ہیں۔ دریں اثناء چینائی سوپر کنگس جو 10 میچوں سے 7 کامیابیوں کے ساتھ اول نمبر پر ہیں ، وہ بھی چاہیں گے کہ اپنے اب تک کہ اچھے مظاہروں کو برقرار رکھیں اور کامیابی کا ردھم بگڑنے نہ دیں ۔ تجربہ کار ایم ایس دھونی زیرقیادت ٹیم جو دو مرتبہ چمپین رہی ، اس نے بیٹنگ شعبہ میں اپنا کام بحسن و خوبی انجام دیا ہے ۔ جارحانہ اوپنر برینڈن میک کلم ، ڈوین اسمتھ ، سریش رائنا ، فاف ڈوپلیسی اور ڈوین براوو کے علاوہ خود کپتان نے شاید ہی کسی مقابلے میں خراب کھیلا ہے ۔ خاص طورپر میک کلم وہ بیٹسمین ہیں جنھیں اپوزیشن تیزی سے آؤٹ کردینا چاہتی ہے ۔ اسی طرح آشیش نہرا ، موہت شرما ، رویندر جڈیجہ اور پون نیگی نے بولنگ کے شعبہ میں اپنے حریفوں کو تاحال نپی تلی اور جادوئی گیندوں کے ذریعہ حیران کر رکھا ہے ۔ چنانچہ یہ ٹیم کی مجموعی طاقت ہے جس نے زیادہ تر ٹیموں کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا اور جمعہ کو ایم آئی ایک اور ٹیم ہوسکتی ہے جسے چنائی سوپر کنگس کے ہوم گراؤنڈ پر مسابقت کی کشمکش سے گذرنا ہوگا ۔