ممبئی ۔ 22 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کنگس الیون پنجاب کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی کے بعد ممبئی انڈینس کے لئے رواں آئی پی ایل ٹورنمنٹ کے آئندہ مرحلے پلے آف میں رسائی کے امکانات کسی قدر دکھائی دے رہے ہیں اور وہ کل دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں بہتر کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئندہ مرحلے میں رسائی کے ملنے والے موقع کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہوگی ۔ ممبئی نے گزشتہ رات موہالی میں کھیلے گئے کنگس الیون پنجاب کے خلاف مقابلے میں ایک ایسی کامیابی حاصل کی جسے ٹیم کے دو اہم بولروں لستھ ملنگا اور ہربھجن سنگھ کے بغیر حاصل کرنا کسی قدر مشکل تصور کیا جاتا ہے ۔ پنجاب کے خلاف حاصل کردہ اس کامیابی کے ذریعہ ممبئی کے پلے آف میں رسائی کے امکانات کی ایک چھوٹی سی امید جاگی ہے ۔ ممبئی انڈین پھر ایک مرتبہ اپنے مضبوط قلعہ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں واپسی کرچکی ہے جہاں اسے گزشتہ سیزن سے لے کر رواں مقابلے تک 11 میچوں میں صرف ایک مرتبہ ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے ۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم کپتان روہت شرما کے لئے ایک خوش قسمت میدان بن چکا ہے ۔
ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب جبکہ ٹیم جدول میں پانچویں مقام پر پہونچ چکی ہے لہذا وہ سرفہرست چار ٹیموں میں بھی رسائی حاصل کرسکتی ہے ۔ پنجاب کے خلاف کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے روہت شرما نے کہاکہ کچھ بھی ممکن ہے لیکن اب ٹیم کیلئے ضروری ہے کہ وہ آئندہ مقابلے میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ان کی ٹیم باصلاحیت ہے جوکہ آئندہ مرحلے میں رسائی بھی حاصل کرسکتی ہے ۔