رائے پور ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک عرصہ سے روایتی کرکٹ کے بعد اب وقت آ گیا ہیکہ پھر ایک مرتبہ توجہ مختصر ترین کرکٹ پر مرکوز کرلیں کیونکہ دنیا بھر کے کھلاڑی ہندوستان میں کھیلی جانے والی چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کیلئے کل سے ایکشن میں نظرآئیں گے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ کے ہمراہ ہندوستان کے کئی اہم کھلاڑیوں کے علاوہ دنیا بھرکے معروف کھلاڑی اپنی اپنی کلب ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں جیسا کہ چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کے چھٹے ایڈیشن کا کوالیفائنگ مقابلہ کل ممبئی انڈینس اور پاکستان کی ٹیم لاہور لائنس کے خلاف کھیلا جارہا ہے۔ اصل ٹورنمنٹ 17 ستمبر کو شروع ہوگا جس میں ٹورنمنٹ کی پسندیدہ ٹیم چینائی سوپر کنگس کا مقابلہ آئی پی ایل کی رواں سیزن کی فاتح ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس سے ہوگا۔ کوالیفائنگ کا پہلا مقابلہ ممبئی انڈینس اور پاکستانی لاہور لائنس کی ٹیم کے درمیان ہورہا ہے جیسا کہ لاہور کی ٹیم کی قیادت پاکستانی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کررہے ہیں۔ آئی پی ایل کی 3 ٹیمیں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس، چینائی سوپر کنگس اور کنگس الیون پنجاب پہلے ہی اصل ٹورنمنٹ میں رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ ممبئی انڈینس ٹیم میں کیرن پولارڈ، لستھ ملنگا، لینڈن سمنس اور کوری اینڈرسن موجود ہیں جو عالمی سطح پر اپنے دھماکو مظاہروں کیلئے کافی شہرت رکھتے ہیں جبکہ ہربھجن سنگھ اور امباٹی رائیڈو کی ٹیم کو کامیابی دلوانے کیلئے کسی سے کم نہیں اور کوالیفائر مقابلہ میں وہ کامیابی کے ساتھ اصل ٹورنمنٹ میں رسائی کیلئے کوشاں ہوگی۔ لاہور کیلئے بھی یہ بہترین موقع ہیکہ وہ اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کے بہتر مظاہروں کی بدولت اصل ٹورنمنٹ میں رسائی حاصل کریں کیونکہ اس کی صف بندی میں احمد شہزاد،
عمر اکمل اور کپتان محمد حفیظ موجود ہیں جو کہ مختصر ترین کرکٹ کے ماہر کھلاڑی ہیں۔ جو ٹیمیں پہلے ہی اصل ٹورنمنٹ کیلئے کوالیفائنگ ہوچکی ہیں، ان میں کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جوکہ مقابلوں کو دلچسپ اور سنسنی خیز بنا سکتے ہیں۔ ان میں چینائی سوپرکنگس کپتان مہندر سنگھ دھونی کی وجہ سے سرفہرست ہے۔ چنائی میں دھونی کے علاوہ رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون، سریش رائنا کے علاوہ بیرونی کھلاڑیوں میں ڈیون اسمتھ، ڈیون براوو اور برنڈن مکالم قابل ذکر ہیں۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں ٹیم کو معیاری بولر دستیاب نہیں لیکن آشیش نہرا، ایشور پانڈے اور موہت شرما ٹیم کو کامیابی دلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسپین میں جڈیجہ اور اشون اس کی اصل طاقت ہوں گے۔ شائقین کی نظریں جس ٹیم پر ہوں گی وہ یقیناً کنگس الیون پنجاب ہے جس نے آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں غیرمعمولی مظاہرہ کیا ہے۔ پنجاب کی قیادت آسٹریلیائی کھلاڑی جارج بیلی کررہے ہیں جن کی صف میں گلین مائیکس ویل کی انتہائی برق رفتار بیٹنگ کے علاوہ اننگز کے آغاز میں ویریندر سہواگ کے جارحانہ مظاہرہ توجہ کا مرکز ہوں گے۔ بولنگ شعبہ میں مچل جانسن کے ہمراہ ڈیویڈ ملر کسی بھی وقت حریف ٹیم کو پریشان کرسکتے ہیں۔ مقامی کھلاڑیوں میں منن ووہرا اور وردمان ساہا نے آئی پی ایل 7 میں شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ کے کے آر کا زیادہ تر انحصار انفام اوپنر رابن اتھپا کے علاوہ کپتان گوتم گمبھیر، یوسف پٹھان کے ہمراہ جادوئی اسپنر سنیل نارائن پر ہے۔