ملک کی صورتحال حساس، مسلم قیادت کو چوکس رہنے کا مشورہ

نظام آباد:29؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی جنرل سکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ عبدالغنی آج ریاستی صدر آئی یو ایم ایل محمد امتیاز حسین کے ساتھ رکن پارلیمان ، سابق مرکزی مملکتی وزیر خارجہ وصدر انڈین یونین مسلم لیگ ای احمد سے ان کی قیام گاہ واقع نئی دہلی پر ملاقات کرتے ہوئے آلیر فرضی انکاؤنٹر کے معاملہ کو پارلیمنٹ میں اٹھانے پر اُن سے اظہار تشکر کیا اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ اس موقع پر عبدالغنی نے ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کو درپیش مختلف مسائل کی تفصیلات ای احمد کو بتاتے ہوئے اُن سے نمائندگی کی خواہش کا اظہار کیا۔ عبدالغنی نے ای احمد سے خواہش ظاہر کی کہ وہ ریاست تلنگانہ کا دورہ کریں اور بذات خود مسلم مسائل کا جائزہ لیں۔ اس موقع پر ای احمد نے تیقن دیاکہ عنقریب وہ ریاست تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور بالخصوص حیدرآباد میں آلیر فرضی انکاؤنٹر کے شہداء کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے اُن سے اظہار یگانگت کریں گے۔ اس موقع پر عبدالغنی نے آلیر فرضی انکاؤنٹر کے علاوہ نظام آباد میں شیخ حیدر کی حوالات میں موت ، مسلم تحفظات اور دیگر مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ای احمد سے سرپرستی کی خواہش کا اظہا رکیا۔ ا س کے علاوہ جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن کی سفارشات اور سچر کمیٹی کی رپورٹ پر مرکزی حکومت کی بے حسی کی طرف بھی توجہ دلاتے ہوئے ای احمد سے پارلیمنٹ میں موثر نمائندگی کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدرانڈین یونین مسلم لیگ ای احمد نے ملک کے حساس صورتحال کے پیش نظر مسلم قیادت کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے آلیر فرضی انکاؤنٹر میں پولیس کے رول کی مذمت کرتے ہوئے سوال کیاکہ کیا محافظ بھی قاتل ہوسکتا ہے ؟ انہوں نے کہاکہ اگر عوام محافظوں کے ہاتھ ہی محفوظ نہ رہیں تو اُس کو اس ملک کا المیہ قرار دیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے اس انکاؤنٹر کی اعلی سطحی تحقیقات اور خاطی پولیس ملازمین کے خلا ف قانونی کاروائی کو ملک کے وقار کی بحالی کیلئے لازمی قرار دیا۔ شیخ حیدر کی حوالات میں موت کو بھی انہوں نے تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس طرح کے معاملات کے سدباب کیلئے اعلی سطحی نمائندگی کاتیقن دیا۔ واضح رہے کہ عبدالغنی نے آلیر فرضی انکاؤنٹر اور شیخ حیدر کی حوالات میں پولیس تشدد میں موت کے تعلق سے مکمل تفصیلات سے ای احمد کو واقف کروایاتھا۔ جس کے بعد معاملہ کی حساسیت کو محسوس کرتے ہوئے ای احمد نے اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جبکہ مقامی مسلم قیادت اس معاملہ میں خاموش تماشائی بنی رہی تھی۔ ای احمد نے بروقت تفصیلات کی فراہمی پر عبدالغنی کی زبردست ستائش کی اور مشورہ دیا کہ مستقبل میں بھی وہ اس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔ انہوںنے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا تیقن د یا۔ صدر ضلع انڈین یونین مسلم لیگ عبدالمقیت نے ریاستی جنرل سکریٹری عبدالغنی کی بروقت کارکردگی پر انہیں مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ عبدالغنی مستقبل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھیں گے۔

کاغذنگر میں مفت ختنہ کیمپ
کاغذنگر /29 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حافظ و قاری مولانا محمد کبیر الدین صابری ناظم مدرسہ مخزن العلوم کی اطلاع کے بموجب کاغذنگر کے دینی مدرسہ مخزن العلوم میں یعقوبیہ انواریہ چہارشنبہ ٹرسٹ حیدرآباد کے زیر اہتمام مفت ختنہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں 200 سے زائد لڑکوں کی مفت ختنہ کی گئی ۔ اس ختنہ کیمپ کیلئے حیدرآباد کے مشہور جرح جناب شجاعت اللہ کی خدمات حاصل کی گئیں ۔ اس کے علاوہ مفت انجکشن اور دوائیں بھی فراہم کی گئیں ۔ اس موقع پر مدرسہ مخزن العلوم کی کمیٹی کے اراکین نے الحاج محمد یقوب علی شاہ نوری چشتی و قادری بانی و چیرمین جامعہ یعقوبیہ اور جناب شجاعت اللہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 30 اپریل کو بیلم پلی میں بھی مذکورہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام بیلم پلی کی خانقاہ نوریہ میں بھی مفت ختنہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ اس مفت ختنہ کیمپ سے استفادہ حاصل کرنے کی اپیل کی ۔