ملک کی ترقی کیلئے ہندو مسلم اتحاد کی سخت ضرورت خانہ پور میں عید ملاپ تقریب سے اے شو بھا سرینواس صدر منڈل پریشد کا خطاب

خانہ پور 23 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانہ پور میں جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام نیو ماڈرن فنکشن ہال میں عید ملاپ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ تقریب میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولوی محمد صادق احمد سکریٹری دعوۃ جماعت السلامی ہند ریاست تلنگانہ ‘غوث الرحمن لکچرر گورنمنٹ جونیر کالج کورٹلہ ‘ مولانا محمد عتیق الدین فیض امام و خطیب عادل آباد ‘آکولہ شوبھا سرینواس صدر نشین منڈل پریشد خانہ پور ‘ ٹی سنیتا ‘راج گنگنا زیڈ پی ٹی سی خانہ پور این ست نارائن سرپنچ خانہ پور ‘ یوسف احمد خان معاون رکن ضلع پریشد عادل آباد ‘سکا رام سرینواس صدر ٹی آر ایس منڈل خانہ پور ‘گنگا راو صدر کانگریس منڈل خانہ پور راجنا صدر تلگودیشم منڈل خانہ پور ‘آکولہ سرینواس سابق سرپنچ خانہ پور ‘راج گنگنا ایڈوکیٹ ‘ظہیر احمد صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی خانہ پور و دیگر نے شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا ۔ عید ملاپ تقریب سے آکولہ شوبھا سرینواس صدر منڈل پریشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مسلم بھائی چارہ کے فروغ اور ملک کی ترقی کیلئے ہندو مسلم اتحاد کی سخت ضرورت ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے ریاست کی ترقی اور ہندو مسلم بھائی چارہ کو فروغ دے سکے چیف منسٹر تلنگانہ نے یہ فیصلہ کیا کہ رمضان المبارک تہوار سرکاری طور پر منایا جائے جو پورے ملک بھر میں قومی یکجہتی کی ایک عمدہ مثال ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے جماعت اسلامی خانہ پور کے ذمہ دار گذشتہ کئی برسوں سے عید ملاپ پروگرام کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے ہندو مسلم بھائی چارہ کو فروغ دے رہی ہے جو قابل ستائش ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکار سرینواس صدر ٹی آر ایس منڈل خانہ پو رنے کہا کہ مذہب اسلام کی تعلیمات کے ذریعہ ہی دنیا بھر میں انسانیت قائم ہوسکتی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ جماعت اسلامی ہمارے بیچ پائی جانے والی دوری کو ختم کررہی ہے عید ملاپ کے ذریعہ مذہب اسلام کی تعلیمات جو دنیا کے سارے انسانوں کیلئے ہے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام ہم تک پہنچا رہی ہے جو قابل ستائش ہے

سکارام سرینواس صدر ٹی آر ایس نے کہا کہ مذہب اسلام میں زکواۃ کا جو سسٹم ہے اگر ہر مذہب میں زکواۃ کا یہ سسٹم ہوتا تو دنیا میں آج کوئی بھی بھوکا نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی فرقہ پرست جماعتوں کا کوئی محتاج ہوتا انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کا نظام ہے جو ساری دنیا کے انسانوں کی بھلائی کیلئے ہے ۔ محمد صادق احمد سکریٹری دعوۃ جماعت اسلامی ریاست تلنگانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید ساری دنیا کے انسانوں کیلئے ہے ۔ تلگو زبان میں خطاب کرتے ہوئے مذہب اسلام رمضان روزہ زکواۃ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم ہندو مسلم اتحاد کے ذریعہ ہی ملک میں امن و امان قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماج میں پائی جانے والی برائیوں کے خاتمہ بالخصوص مغربی تہذیب کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو جدوجہد کرنا ہے اور اس ملک کو ہر طرح کی گندگی سے پاک کرنا ہے ۔ مولوی حبیب الرحمن نے تقریب کی کارروائی چلائی ۔