ملک کی ترقی کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری

سوریا پیٹ میں عام آدمی پارٹی لیڈر سرینواس یادو کا خطاب

سوریاپیٹ /11 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملک اسی وقت ترقی حاصل کرسکتا ہے جبکہ بدعنوانیوں اور کرپشن کا خاتمہ ہوجائے ۔ اب وقت آگیا ہے ہم سب متحدہ طور پر ملک سے کرپشن کا خاتمہ کی کوشش اور فکر کریں ۔ ان خیالات کا اظہار عام آدمی پارٹی اسٹیٹ لیڈر جی سرینواس یادو نے یہاں عام آدمی پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دفتر کا افتتاح تھاچی میستری کوڑی ایلیا نے کیا ۔ جی سرینواس یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اور عوام کو ناانصافیوں اور بدعنوانیوں سے نجات دلانا ہی عام آدمی پارٹی کا مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے عوام کو بہلا پھسلاکر ان کی تائید حاصل کرکے صرف اور صرف اپنی دوکان چمکائی ہے اور ملک کو کنگال بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر محکمہ اور شعبہ میں رشوت اور کرپشن خون کی طرح سرایت کرگیا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں عوام اپنے حقوق سے محروم ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج چند لوگوں کی وجہ سے سیاست بدنام ہوگئی ہے ۔ سیاست شان و شوکت اور دولت کمانے کا نام نہیں بلکہ سیاست عوام کی خدمات کا نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اروند کجریوال نے مظلوموں کو انکا حق دلانا ناانصافیوں کے ازالہ اور رشوت و بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے پارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معمولی سے معمولی سرکاری کام کیلئے کئی دن چکر لگانے پڑتے ہیں ۔ گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کو ریاست میں عوام کی بھرپور تائید حاصل ہو رہی ہے اور اس کا حلقہ وسیع ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ اروند کجریوال ریاست کا دورہ کریں گے اور یہاں کے مسائل سے بھی واقفیت حاصل کریں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے رشوت و بدعنوانی اور کرپشن سے نجات کیلئے عام آدمی پارٹی سے وابستہ ہوجانے عوام سے خواہش کی ۔ اس موقع پر کشور ، سید نذیر اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔