مستحکم معیشت اور غربت دور کرنے میں مدد ملی: چیف منسٹر
حیدرآباد /21 مئی (سیاست نیوز) آنجہانی راجیو گاندھی مزید کچھ عرصہ تک وزیر اعظم کے عہدہ پر برقرار رہتے تو ہندوستان ترقی کے معاملے میں دنیا کے تمام ممالک کو پیچھے کردیتا۔ ان خیالات کا اظہار چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں منعقدہ راجیو گاندھی کی برسی تقریب کے موقع پر کیا۔ صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا نے تقریب کی صدارت کی، دیگر مہمانوں میں ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، وزراء میں ڈی ناگیندر، اے رام نارائن ریڈی، کاسو کرشنا ریڈی، کے مرلی، سابق چیف منسٹر این بھاسکر راؤ، سابق صدور پردیش کانگریس ایم ستیہ نارائنا راؤ، پی نرسا ریڈی، صدر نشین ریاستی قانون ساز کونسل ڈاکٹر چکرا پانی، سابق نائب صدر نشین کونسل محمد جانی، سابق وزراء محمد علی شبیر، روشن بیگ (کرناٹک)، کانگریس کے ارکان راجیہ سبھا ایم اے خان، وی ہنمنت راؤ، صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین، سکریٹریز پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی، ایم اے غنی، ایم اے صمد کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صرف چار تا پانچ سال وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے راجیو گاندھی نے انقلابی فیصلے کرکے ملک کو 21 ویں صدی میں پہنچا دیا تھا۔ آج ترقی یافتہ ممالک میں مسابقت کی جو دوڑ چلی رہی ہے، وہ راجیو گاندھی کی مرہون منت ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنجہانی قائد نے اپنے دور حکومت میں کئی تاریخی فیصلے کئے، جس کی وجہ سے ملک کی معیشت مستحکم ہوئی، غربت کے خاتمہ میں بڑی حد تک کامیابی ملی اور مرکزی فنڈس دیہی علاقوں تک پہنچنے میں آسانی ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ عام آدمی کو ٹیکنالوجی سے قریب کرنے کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتا ہے۔ صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا نے آنجہانی راجیو گاندھی کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل کو ان کے نقش قدم پر چل کر عوامی خدمت انجام دینے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ عوامی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد آنجہانی قائد نے اس کی یکسوئی کے لئے نہ صرف باقاعدہ نظام تیار کیا، بلکہ عملی اقدامات بھی کئے۔ اے آئی سی سی سکریٹری و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آنجہانی قائد کے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مقامی اداروں کو اختیارات اور نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں ووٹ دینے کا اختیار راجیو گاندھی نے دیا ہے۔ اسی طرح ٹیلیکام کو عام کرنے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں آنجہانی قائد نے اہم رول ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ راجیو گاندھی کی برسی تقریب سارے ملک میں انسداد دہشت گردی اور یوم سیاہ کے طورپر منائی جاتی ہے۔