ظہیرآباد ۔ 5 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلم ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن ضلع میدک کی جانب سے کل یہاں بی بی فنکشن ہال میں کیلنڈر 2015 ء کی رسم اجرائی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے صدر اسوسی ایشن جناب محمد اطہر احمد نے کہا کہ مسلم مجاہدین آزادی کی تصاویر پر مشتمل کیلنڈر کی اشاعت کا مقصد مسلم نوجوانوں کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے واقف کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرانے کیلئے مسلم مجاہدین نے عظیم قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس ہے کہ ان کے کارناموں سے ابنائے وطن کو واقف کرانے میں تنگ نظری سے کام لیا گیا ۔ یہی وجہ ہے کہ مابعد آزادی کے ماحول میں ہوش سنبھالنے والے مسلم نوجوان اپنے اسلاف کے کارناموں سے واقف نہیں ہیں اور وہ اتنا ہی جانتے ہیں جتنا کہ انہیں درسی کتابوں کے ذریعہ واقف کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ڈیولپمنٹ اسوسی ایشن نے مسلم مجاہدین آزادی کی تصاویر پر مشتمل کیلنڈر کی اشاعت عمل میں لاکر مسلم نوجوانوں کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے واقف کرانے کی حتی المقدور کوشش کی ہے اور وہ پرامید ہے کہ اس کوشش کو سراہا جائے گا ۔ انہوں نے درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمانوں سے متحد ہوجانے کی اپیل کی ۔ جناب عامر بن عبداللہ نے کارروائی چلائی جبکہ جناب محمد احمد نائب صدر اسوسی ایشن نے شرکاء کا خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر مختلف سیاسی و غیرسیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین سرگرم کارکنوں مسرز محمد عظمت پاشاہ نائب صدرنشین بلدیہ ، محمد اکبر احمد معاون رکن منڈل پرجا پریشد ، سید احمد ایڈوکیٹ اسسٹنٹ گورنمنٹ پلیڈر ، زبیر اسمعیل ایڈوکیٹ ، محمد اکبر معاون رکن بلدیہ ، محمد ماجد جنرل سکریٹری صفا بیت المال ، محمد کلیم ، محمد شریف ، محمد خواجہ ، عبدالقدیری ، محمد مبین ، محمد فاروق ، محمد مجید ، محمد سلیم ، محمد محبوب اور دیگر شامل تھے ۔