حیدرآباد 19 اکٹوبر (سیاست نیوز) ملک پیٹ محبوب گنج کے روبرو پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں آر ٹی سی بس نے انجینئرنگ طالبعلم کو روند دیا ۔ چادر گھاٹ پولیس کے بموجب 18 سالہ ایس اویناش متوطن ضلع عادل آباد ائیس انجینئرنگ کالج واقعہ گھٹکیسر میں واقع انجنیئرنگ کالج کا طالبعلم تھا ۔ وہ گھٹکیسر کے ایک بوائز ہاسٹل میں مقیم تھا ۔آج دوپہر اویناش دلسکھ نگر سے نلگنڈہ کراس روڈ کی سمت پیدل جارہا تھا کہ حیات نگر بس ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس نے اسے ٹکر دیدی۔ وہ اس حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا بھیجہ پاش پاش ہوکر سڑک پر بکھر گیا۔ اس المناک سڑک حادثہ کے بعد علاقہ میںسنسنی پھیل گئی اور چادر گھاٹ پولیس کے سب انسپکٹر امر ریڈی جائے حادثہ پر پہنچ کر اویناش کی نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیاگیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کل عدالتی تحویل میں دیدیا جائے گا ۔