ملک میں دلتوں پر مظالم ، حکومت کی خاموشی پر تنقید

لوک سبھا میں ارکان کی تشویش ، بی جے پی اقتدار کے بعد واقعات میں اضافہ :مایاوتی
نئی دہلی 25 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں آج ارکان نے سیاسی و جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر دلتوں پر مظالم کا مسئلہ اُٹھایا اور ان کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ لوک جن شکتی پارٹی کے چراغ پاسوان نے ملک میں دلتوں پر حملوں کے واقعات کی سمت توجہ مبذول کرواتے ہوئے بالخصوص دو دلت نوجوانوں کو بہار کے مظفرنگر میں زدوکوب کا نشانہ بنانے کا حوالہ دیا۔انھوں نے کشن گنج اور دربھنگہ میں بھی دلتوں کے خلاف مظالم کے سلسلہ وار واقعات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک ان جرائم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے ۔ پاسوان نے ان تمام واقعات کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ آر جے ڈی کے پپو یادو نے حکومت اُترپردیش پر مختلف طبقات کے مابین تفریق پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ میناکشی لیکھی (بی جے پی ) نے کہا کہ دلتوں پر مظالم کے واقعات پر کافی سیاست ہورہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ذات پات کے بارے میں کسی طرح کے ریمارکس نہیں کئے جانے چاہئیں ۔ ایم رامچندرن (کانگریس) نے کیرالا میں سی پی ایم کارکن کی شکایت پر مبینہ طورپر دو بہنوں کی گرفتاری کا مسئلہ اُٹھایا ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ دونوں ایک دلت لیڈر کی بیٹیاں ہیں۔ کانگریس کے ٹھوک چونگ مینیا نے امیگریشن عہدیدار کی منی پوری خاتون کے خلاف نسلی ریمارکس کا مسئلہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ شمالی مشرق کے عوام آج بھی جبکہ ہندوستان کو آزاد ہوئے 70 سال ہوچکے ہیں اس طرح کے رویہ کا سامنا کررہے ہیں ۔ اس دوران بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے دلتوں پر مظالم کے تعلق سے وزیراعظم مودی کی خاموشی پر سوال اُٹھایا ۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد ان واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور وزیراعظم سے بیان دینے کا مطالبہ کیا ۔ گجرات کے اُونا میں پیش آئے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ گاؤ تحفظ کے نام پر دلتوں کو اذیت پہونچائی جارہی ہے ۔ مایاوتی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے ‘ منگلورو میں ڈی ایس پی ایم کے گنپتی کی خودکشی کا بھی تذکرہ کیا اور کہاکہ موجودہ حکومت میں دلتوں اور کمزوروں پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور خودکشی کے بھی زیادہ واقعات پیش آرہے ہیں۔ اسی طرح مہاراشٹرا میں دو دلت نوجوانوں کو جو ایک بائیک پر جارہے تھے انھوں نے ایک گاڑی کو اوورٹیک کیا جس پر زدوکوب کیا گیا۔