حیدرآباد۔سترویں لوک سبھا کے لئے پہلے مرحلے کی رائے دہی کا آغاز ہوگیا ہے۔ ملک کے 91لوک سبھا حلقوں میں پہلے مرحلے کی رائے دہی شروع ہوگئی ہے ۔
اٹھارہ ریاستوں کے بشمول دو مرکز کے زیر اقتدار علاقوں کی91لوک سبھا سیٹوں میں نتن گڈکری( ناگپور) ‘ اسد الدین اویسی( حیدرآباد)‘ جنرل وی کے سنگھ ( غازی آباد) ‘ اجیت سنگھ( مظفر نگر)اور ڈاکٹر مہیش شرما (گوتم بدھ نگر)کے ایسے حلقے جو پہلے مرحلے کی انتخابی مہم میں مرکز توجہہ بنے رہے۔
جمعرات کے روز پانچ بجے کے بعد مذکورہ قائدین کی سیاسی قسمت ان ای وی مشینوں میں قید ہوجائے گی ۔ناگپورپارلیمانی حلقہ میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوات نے ووٹ ڈالا۔
چیف منسٹر آندھرا پردیش جہاں پر لوک سبھا کے ساتھ ریاستی اسمبلی کے بھی الیکشن ہورہے ہیں اپنے افراد خاندان کے ساتھ ووٹ ڈالنے کے لئے پولنگ بوتھ پہنچے۔ وائی ایس آرکانگریس سربراہ جگن موہن ریڈی نے ضلع کڑپہ میں اپنا ووٹ ڈالا ۔
جبکہ اتراکھنڈ کے چیف منسٹر ترویندر سنگھ روات نے دہرادون میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ناگالینڈ میں صبح نو بجے تک اکیس فیصد رائے دہی درج کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ اترپردیش میں صبح نو بجے تک کی رائے دہی کا تناسب 13.33فیصد رہاتھا۔
گوتم بدھ نگر میں صبح نو بجے تک کی رائی دہی9.5فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ دادری اسمبلی حلقہ میں رائے دہی کا تناسب7.3فیصد رہا۔
اس کے علاوہ غازی آباد میں رائے دہی گیارہ فیصد درج کی گئی ہے۔تلنگانہ میں جہاں سبھی 17لوک سبھا حلقوں پر رائے دہی کرائی جارہی ہے وہاں صبح نو بجے تک 10.06فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔