پانچ رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی گرفتار، کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /24 اگست (سیاست نیوز) ملٹی لیول مارکٹنگ اور کرپٹو کرنسی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والی پانچ رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو بوئن پلی پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی رمیش ساکن اولڈ بوئن پلی سکندرآباد جو عادی دھوکہ باز ہے نے کرپٹو کرنسی (بٹ کوائن) میں سرمایہ کاری پر دوگنا منافع دینے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام سے کروڑہا روپئے حاصل کرلئے ۔ انہوں نے کہا کہ جی رمیش نے اپنے ساتھیوں ایس ستیہ ، این وینکٹیش ، کے ہری گوپال اور سی ایچ سرینواس کی مدد سے عوام کو بٹ کوائن میں سرمایہ کاری کرنے پر بھاری رقومات کے منافع کا وعدہ کیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رمیش نے سال 2016 ء میں ملٹی لیول مارکٹنگ کے نام پر عوام سے رقومات ہڑپنے کے ارادے سے ممبئی کے سی بی آن لائن سافٹ ویئر ڈیولپر کمپنی کے موہن اور سنیل چوہان کی مدد سے فرضی ویب سائیٹ Coinx Trading.com قائم کیا اور اس ویب سائیٹ کے ذریعہ یہ دعویٰ کیا کہ اس کا دفتر نیویارک ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں قائم ہے ۔ فرضی ویب سائیٹ کو عصری طور پر تیار کئے جانے کے نتیجہ میں کئی افر اد اس کے جھانسے میں آگئے ۔ ویب سائیٹ کے ذریعہ اس نے یہ دعویٰ کیا کہ امریکی ڈالرس میں اس کی کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے پر روزانہ کی اساس پر کمیشن منافع کے طور پر دیا جائے گا ۔ رمیش نے اولڈ بوئن پلی ملکارجن کالونی میں جی آر ایم اسٹیٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ قائم کیا اور اس کے ذریعہ کروڑہا روپئے کی رقومات حاصل کی ۔ مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ دھوکہ باز رمیش نے اپنی ویب سائیٹ کے ذریعہ یہ دعویٰ کیا کہ کرپٹو کرنسی و بٹ کوائن ڈیجیٹل کرنسی ہے جس میں سرمایہ کاری کرنے پر کوئی نقصان کا خدشہ نہیں ۔ دھوکہ بازوں کی باتوں میں آکر کئی افراد نے لاکھوں روپئے اس کمپنی میں جمع کئے اور وہ عوام کو منافع دینے سے قاصر رہا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ٹاسک فورس نے اس کارروائی میں دھوکہ بازوں کے قبضے سے 29 لاکھ نقد رقم 1.23مالیتی اراضی کے دستاویزات ، قیمتی کاریں اور دیگر اشیاء برآمد کرلی جو دھوکہ بازی کے ذریعہ حاصل کردہ رقم سے خریدے گئے ۔ مذکورہ دھوکے بازوں کے خلاف حیدرآباد ، سائبر آباد ، رچہ کنڈہ ، سدی پیٹ میں دھوکہ دہی کے 10 مختلف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ اس فرضی ویب سائیٹ کے ذریعہ 1200 گاہکوں نے اپنا نام اندراج کیا اور 10 کروڑ روپئے کی رقم کی سرمایہ کاری کی ۔ انہوں نے کہا کہ دھوکے باز رمیش سال 1999ء سے دھوکہ دہی میں ملوث ہے اور اس کے خلاف سی سی ایس میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ گرفتار شدہ ملزمین کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ بوئن پلی پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔