کولمبو ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر لستھ ملنگا کی جانب سے ملک کے وزیرکھیل کا بندر کے ساتھ موازنہ کرنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔انگلینڈ اور ویلز میں منعقدہ چیمپیئز ٹرافی کے بعد کھلاڑیوں کے بات چیت کے دوران وزیرکھیل دیاسری جیاسیکارا نے کہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے کچھ کھلاڑی بہت موٹے تھے، جس کے جواب میں ملنگا نے کہا کہ یہ ایسے ہے جیسے بندر طوطے کے گھونسلے میں گھس جائے اور اس کے بارے میں بات کرے۔وہ ان لوگوں کی تنقید کی پرواہ نہیں کرتے جو صرف ’کرسیاں گرم کرتے ہیں۔ملنگا کی جانب سے معذرت کے بعد انھیں اپنے اگلے میچ کی 50 فیصد فیس جرمانے کے طور ادا کرنا ہوگی۔خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ چیمپیئنز ٹرافی سے واپسی پر ملنگا نے دو موقعوں پر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تحریری منظوری کے بغیر میڈیا میں بیانات دیے تھے۔سری لنکا اپنا اگلا میچ کل گال میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گا، جس کے لئے وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گراہم فورڈ کے مستعفی ہونے کے بعد یہ ذمہ داری عارضی طور پر سابق جنوبی افریقی کھلاڑی نک پوتھس کو سونپی گئی ہے۔