ملعونہ سونو ڈانگر کو راجکوٹ پولیس نے گرفتار کرلیا

 

حیدرآباد لانے پولیس کوشاں

حیدرآباد ۔ /29 ستمبر (سیاست نیوز) شان رسالتؐ میں گستاخی کرنے والی گجرات کی ملعون خاتون روڈی شیٹر سونو ڈانگر کو راجکوٹ پولیس نے آج گرفتار کرلیا ۔ وہ گجرات میں 10 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور اسکے خلاف کئی غیرضمانتی وارنٹ تھے جس کے نتیجہ میں آج اسے گرفتار کیا گیا ہے ۔ شان رسالتؐ میں گستاخانہ بیانات سوشیل میڈیا پر عام کرنے کے نتیجہ میں حیدرآباد کے علماء و مشائخین کی جانب سے ملعون خاتون کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں چارمینار پولیس نے اسکے خلاف تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ ایڈیشنل انسپکٹر چارمینار شیوا چندرا کی قیادت میں تین رکنی پولیس ٹیم راجکوٹ پہونچی تھی جہاں پر ملعونہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیابی ہوگئی تھی ۔ راجکوٹ اور اترپردیش کی پولیس بھی سونو ڈانگر کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی اور آج اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ حیدرآباد پولیس ملعون خاتون کو پرزنر ٹرانزٹ وارنٹ (پی ٹی وارنٹ) پر شہر منتقل کرنے کوشش کررہی ہے ۔ اے سی پی چارمینار کے اشوک چکرورتی نے خاتون روڈی شیٹر کی گرفتاری کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ راجکوٹ پولیس نے اسے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔ چارمینار پولیس چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس سے پی ٹی وارنٹ حاصل کرنے کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار پولیس ٹیم ہنوز راجکوٹ میں ہے اور اسے شہر منتقل کرنے کوشش کی جارہی ہے۔