ڈھاکہ۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک ملبوسات کارخانہ کے مالک مفرور جوڑے نے آج ایک عدالت میں خود سپردگی کردی جس نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انھیں جیل روانہ کردیا۔ بنگلہ دیش کے مہلک ترین صنعتی آتشزدگی مقدمہ میں 112 کارکن جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تزرین فیشنس کے منیجنگ ڈائریکٹر دلاور حسین اور ان کی بیوی محمودہ اختر جو کارخانہ کی صدرنشین ہیں، ضمانت طلب کرتے ہوئے عدالت میں خود سپرد ہوگئے تھے۔ تحت کی عدالت نے انھیں مفرور قرار دیتے ہوئے ان کا گرفتاری وارنٹ جاری کیا تھا۔ سینئر جوڈیشیل مجسٹریٹ تاج الاسلام کے اجلاس پر اس جوڑے نے خودسپردگی کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست پیش کی۔