نیو دہلی 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کے پانچویں کانوکیشن کو خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ دہلی منیش سیسوڈیا نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ بجائے ملازمتوں کے متلاشی رہنے کے ملازمتوں کے فراہم کرنے والے بنیں۔ اس موقع پر 2099 ڈگریاں، دو چانسلر میڈلس اور 43 وائس چانسلر میڈلس طلباء میں تقسیم کئے گئے۔ انھوں نے زور دیا کہ ملک کے مشہور تعلیمی ادارے جیسے آئی آئی ٹیز، ڈی ٹی یوز کو چاہئے کہ وہ ایسا ریزولیوشن پاس کریں جس میں طلباء کو ترغیب دیں کہ بجائے ملازمت تلاش کرنے کے ملازمتیں مہیا کرنے والے بن جائیں۔ ڈی ٹی یو وائس چانسلر یوگیش سنگھ نے طلباء سے درخواست کی کہ ملک کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور کوئی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جو ملک کے خلاف ہو۔ ڈی ٹی یو کے چانسلر لیفٹننٹ گورنر دہلی انیل بائجال نے یونیورسٹی پر زور دیا کہ وہ ایسے طلباء کو تیار کریں جو سماجی مسائل، جیسے صحت عامہ، ماحول، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات میں اپنا حصہ ادا کریں۔