ملازمت کیلئے درمیانی افراد کے جھانسہ میں نہ آنے کا مشورہ

محبوب نگر۔/25نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملازمت کے حصول کیلئے امیدوارن کسی خانگی یا سرکاری ملازم کے جھانسہ میں نہ آئیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی وشوا پرساد نے آج ایک صحافتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ  ریاستی حکومت کئی محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پرتقررات کیلئے اعلامیہ جاری کررہی ہے۔ نوجوان حصول ملازمت کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں، ضلع ایس پی نے نوجوانوں اور ان کے سرپرستوں کو مشورہ دیا کہ درمیانی افراد یا پیروکاروں کی باتوں میں نہ آئیں بلکہ سخت محنت کرکے جگہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے تو اس کی اطلاع دیں۔ شکایت کرنے والے کا نام راز میں رکھتے ہوئے سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

اے سی بی عہدیداروں کے دھاوے
محبوب نگر۔/25نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر اینڈ بی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر چندونائیک کے مکان پر اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے دھاوا کیا اور جائیدادوں سے متعلق ضروری کاغذات کو تحویل میں لے لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اے سی بی عہدیداروں نے چندو نائیک کے رشتہ داروں کے مکانات، کھمم، کریم نگر، نلگنڈہ، ورنگل اور حیدرآباد میں دھاوے کئے۔ انہوں نے بتایا کہ نائیک کے غیر محسوب اثاثہ جات ہیں۔ ڈی ایس پی اے سی بی سائی بابا ( ورنگل ) کی قیادت میں دھاوے کئے گئے۔ تاہم مستقر محبوب نگر پر ان کی جائیداد کی کوئی نشاندہی نہیں ہوئی۔ گزشتہ ماہ کی 26کو انہوں نے جائزہ حاصل کیا تھا۔ غیرمحسوب اثاثہ جات کیس میں نائیک کو تحویل میں لیتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔