ملائیشیا میں سعودی شاہی خاندان پر ’’ حملے کا منصوبہ ناکام‘

کوالالمپور:ملائیشیا میں پولیس حکام نے مشتبہ یمنی شدت پسندوں کی سعودی عرب کے شاہی خاندان پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیاہے۔

حکام کے مطابق سعودی عرب کے حکمران شاہ سلمان کی کوالالمپور آمد سے پہلے چار یمنی جبکہ دیگر تین افراد کو گرفتار کرلیاگیا جن کا تعلق ملائیشیا اور ایک کا تعلق انڈونیشیاء سے بتایاگیا ہے۔

سلمان عبدالعزیز السعودی گذشتہ ماہ ایشیاء کے ایک طویل دور ہ کے پہلے مرحلے میں انڈونیشیاء پہنچے تھے ۔ اس دوران وہ 26فبروری کو ملائیشیا پہنچے اور اس کے بعد برونائی‘ جاپان‘ چین او رمالدیپ بھی جائیں گے جبکہ ان کے ہمراہ شاہی خاندان کے پچیس شہزادے بھی شامل ہیں۔

ملائیشیاکے ایک سینئر پولیس اہلکار نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرس کو بتایا کہ ان کے خیال میں گرفتار ہونے والے چار یمنی حوثی عسکریت پسند ہیں جبکہ دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمین کا تعلق خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والی دہشت گرد تنظیم سے ہے ۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکے گرفتار ہونے والے دیگر چار افراد کا تعلق بھی اسی تنظیم سے تھا۔مذکورہ افراد کو 21اور26فبروری کے درمیان میں گرفتار کیاگیا ہے جس دوران سعودی عرب کے شاہ سلمان ملائیشیاء پہنچے تھے۔