کوالالمپور ، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا اور سعودی عرب کی کمپنیوں نے آج 2 ارب ڈالر سے زیادہ کے سات معاہدے کئے ہیں۔ تیل سے مالا مال ملک اب ایشیا میں تعلقات بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے ۔ ملائیشیاکے وزیر تجارت مصطفی محمد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس میں تیل و گیس ، اسلامی مالیات ، شرعی موافق اشیا حلال صنعت اور مصنوعات سازی کے شعبوں میں تعاون او رمشترکہ پروجیکٹ شامل ہیں۔ سعودی تیل کمپنی آرامکو بھی آج سہ پہر ملیشیائی پیٹرولیم نیشنل بھد (پیٹروفاس) کے ساتھ ایک معاہدہ کرے گی جس کی رو سے تیل صاف کرنے کے کارخانہ اور پیٹروکمیکل پروجیکٹ میں 7ارب ڈالر کا سرمایہ لگایا جائے گا۔
شاہ سلمان کے دورہ انڈونیشیاء میں 506ٹن سامان
ریاض، 28 ؍ فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود جنوب مشرق ایشیائی ملکوں کے دورہ پر ہیں۔ ان کا وفد 600 ارکان پر مشتمل ہے۔ صرف انڈونیشیاء کے دورہ کے لئے جو سامان ان کے قافلے کے لئے انڈونیشیاء روانہ کیا گیا۔ اس کا وزن 506ٹن ہے جس میں دو مرسڈیز بنزلمیوسن کاریں بھی شامل ہیں۔ وہ سال 2015ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد انڈونیشیاء کا پہلی مرتبہ دورہ کررہے ہیں۔ ایئر فریٹ خدمات فراہم کرنے والے ادارہ پی ٹی جاسا انگکاسا سمیٹا (JAS) کا دعویٰ ہے کہ وہ سعودی وفد کے 459 ٹن سامان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری نبھا رہا ہے۔ اس سامان میں دو مرسڈیز بینز S600 لمیوسنس بھی شامل ہیں ۔ شاہ سلمان یکم تا 9 مارچ انڈونیشیاء کا دورہ کریں گے۔ JAS کے پرسیڈنٹ ڈائرکٹر آدی جی گناوان کے مطابق 63 ٹن سامان مشرقی جکارتہ کے حلیم پردانہ کوسوما ایئرپورٹ پر اتارا جائے گا جبکہ مابقی 396 ٹن سامان دین پاسربالی کے نگیوراہ رائے انٹر نیشنل ایئرپورٹ لایا جائے گا۔ آدی جی کے مطابق ان کے ادارہ کو سعودی عرب کے شاہی مہمانوں کے سامان لانے لے جانے کی سرکاری طور پر ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 18 فروری کو ہی دین یاسر میں مرسڈیز ۔ بنز S600 پہنچا دی گئی۔ 20 فروری کو ایک الیکٹرک لفٹ لائی گئی جبکہ 22 فروری کو دین یاسر میں ایک اور الیکٹرک لفٹ پہنچائی گئی۔ آدی جی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے اعلیٰ سطحی وفد میں 25 سعودی شہزادے بھی شامل ہیں۔ ان کے وفد کے ارکان کی آمد کا 15 فروری سے آغاز ہوا ہے جس کے لئے 36 طیارے استعمال کئے جارہے ہیں۔ آدی جی نے یہ بھی بتایا کہ ان کی کمپنی جکارتہ میں 178 اور دین یاسر میں 394 ورکرس تعینات کرے گی۔