نئی دہلی۔2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی میں اکھلیش دھڑے کی طرف سے ریاستی صدر کے عہدہ سے ہٹائے گئے شیو پال سنگھ یادو نے آج کہا کہ ملائم سنگھ یادو اب بھی پارٹی کے قومی صدر ہیں اور آگے بھی رہیں گے ۔لکھنؤ سے یہاں پہنچنے پر پریس سے بات چیت میں انہوں نے یہ بات کہی۔ ان کا ملائم سنگھ یادو اور امر سنگھ کے ساتھ آج پارٹی کے انتخابی نشان کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے ملنے کا امکان ہے ۔نامہ نگاروں کے سوالوں پر انہوں نے کہا، ’’نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) اس وقت پارٹی کے قومی صدر ہیں اور آگے بھی رہیں گے ۔ میں مرتے دم تک نیتاجی کے ساتھ رہوں گا‘‘۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو اور جنرل سکریٹری رام گوپال یادو کی جانب سے کل لکھنؤ میں منعقدہ ایس پی کے خصوصی قومی کنونشن میں مسٹر اکھلیش یادو کو پارٹی کا قومی صدر بنایا گیا تھا اور ملائم سنگھ یادو کو صدر کے عہدے سے ہٹا کر پارٹی کا سرپرست قرار دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ شیو پال یادو کو ریاستی صدر کے عہدہ سے اور امر سنگھ کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ دریں اثنا امر سنگھ بھی آج لندن سے یہاں پہنچے انہوں نے کہا، ’’میں ملائم سنگھ کے ساتھ ہوں۔ میں نے ان کے دل میں ہوں میری جماعت کی نہیں دل کی اہمیت ہے‘‘۔