نئی دہلی ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : متھرا میں تیزابی حملہ کی متاثرہ لڑکی کے رشتہ داروں اور والدین نے آج نئی دہلی میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیام گاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ 18 سالہ لڑکی طیبہ گذشتہ 2 ماہ سے آر ایم ایل ہاسپٹل میں زیر علاج تھی جس پر ایک 22 سالہ لڑکی کے ارشاد نے اقرار محبت سے انکار پر تیزاب سے حملہ کردیا تھا اور لڑکی کے والدین نے بھی دوسرے لڑکے سے شادی طئے کردی تھی ۔ ماہ جولائی میں پیش آئے واقعہ کے بعد ارشاد کو گرفتار کرلیا گیا لیکن طیبہ کے ارکان خاندان کا الزام ہے کہ تیزاب پھینکتے وقت ارشاد کی والدہ ، بہن اور خالہ بھی موجود تھی ۔ متوفیہ کے ارکان خاندان اور رشتہ داروں نے آج اشوکا روڈ پر واقع ملائم سنگھ یادو کی قیام گاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ارشاد کے ارکان خاندان کو گرفتار کیا جائے ۔ یہ احتجاج نوایواک سبھا کے نریندر ملک نے منظم کیا تھا بعد ازاں پولیس نے 20 احتجاجیوں کو گرفتار کر کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔