کانگریس پر ملائم سنگھ کی جوابی تنقید ، سماجوادی پارٹی غیرمتاثر
لکھنؤ ۔ /22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی شاندار سالگرہ تقریب اپوزیشن کی تنقید کا نشانہ بن گئی جس نے کہا کہ یہ دولت کے فضول خرچ کا شاہکار ہے ۔ اس تقریب پر کروڑوں روپئے صرف کئے گئے ہیں ۔ جبکہ ریاست یو پی خشک سالی کی گرفت میں ہے ۔ تاہم سماج وادی پارٹی نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کا ملائم سنگھ یادو سے اظہار محبت ہے لیکن اپوزیشن اس پر بھی حقیر سیاست کررہی ہے ۔ تقریب میں بالی ووڈ کے کسی بھی اداکار اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے شرکت نہیں کی ۔ تاہم گورنر رام نائک موجود تھے ۔ ملائم سنگھ یادو نے کانگریس پر جوابی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی اپنے سینئر قائدین کی توہین کررہی ہے وہ اپنی سالگرہ تقریب سے جانیشور مشرا پارک میں عوام کے ہجوم سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نامور سوشلسٹ قائد تھے لیکن انہوں نے حالات کے جبر کی وجہ سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی لیکن یہ بھگوان کی دیا ہے کہ اس نے انہیں کانگریس کے شکنجہ سے بچالیا اور وہ دوبارہ اپنی پارٹی قائم کرکے کانگریس سے باہر آگئے ۔ قبل ازیں نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے ملائم سنگھ کی 76 ویں سالگرہ پر کروڑ روپئے کی فضول خرچی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ رقم ریاست کے پریشان حال عوام کی فلاح و بہبود کے کام آسکتی تھی ۔ تقریب کے بارے میں سوال پر کانگریس کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ کانگریس اپنے سینئر قائدین کا احترام کرتی ہے اور ان کی درازی عمر کیلئے دعا کرتی ہے تاکہ وہ طویل عرصہ تک ملک کے عوام کی خدمت کرتے رہیں ۔ سنگھوی نے کہا کہ انہیں کوئی مثال دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تاہم وہ صرف درخواست کرنا چاہتے ہیں کہ مستقبل میں ملائم سنگھ کی سالگرہ تقریب پر دولت کے فضول خرچ کا اعادہ نہ ہوسکے ۔ تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی ۔