ملائم سنگھ عصمت ریزی کرنے والوں کے ہمدرد : مودی

بھوپال ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عصمت ریزی کرنے والوں کے خلاف حالانکہ عام طور پر سخت رویہ اپنایا جاتا ہے لیکن ملائم سنگھ عصمت ریزی کرنے والوں کے تئیں نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ عصمت ریزی کے واقعات اور ان میں ملوث ہونے والے ملزمین سے کوئی بھی ہمدردی نہیں جتاتا لیکن ملائم سنگھ ایسے ملزمین کے زبردست ہمدرد بن کر ابھرے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتہ ایک ریالی کے دوران ملائم سنگھ نے کہا تھا کہ ’’لڑکے نادان ہیں، غلطی کردیتے ہیں لیکن انہیں سزائے موت دینا انتہائی غیرمناسب ہے‘‘۔

مدھیہ پردیش کے کانگریسی امیدوار کے
69 کروڑ روپئے کے اثاثے
بھوپال ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے اندور حلقہ انتخاب سے کانگریسی امیدوار ستیہ نارائن پٹیل نے اپنے اثاثہ جات کا انکشاف کیا ہے جس کے تحت وہ انتخابی میدان میں موجود تمام امیدواروں سے 69 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات سے مالدار ترین امیدوار ہیں۔ ریاست میں تیسرے مرحلہ کی رائے دہی 24 اپریل کو ہوگی۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس اور مدھیہ پردیش الیکشن واچ کی جانب سے مختلف امیدواروں کے حلف ناموں کے تجزیہ میں یہ انکشاف کیا گیا۔ مسٹر پٹیل کے بعد دوسرے نمبر پر جو مالدار ترین امیدوار ہیں ان کا نام پریم چند گڈوہے اور وہ بھی کانگریس کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ان کے اثاثہ جات 53 کروڑ بتائے گئے ہیں جبکہ مدھیہ پردیش کانگریس صدر ارون یادو جو کھنڈوا حلقہ انتخاب سے تیسری بار مقابلہ کررہے ہیں، اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 31 کروڑ روپئے بتایا ہے۔ مسٹر یادو کے بعد لوک سبھا میں قائد اپوزیشن سشماسوراج کا نمبر آتا ہے جنہوں نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 17 کروڑ روپئے بتایا ہے۔