ہمبنٹوٹا 23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نوجوان بیٹسمین صہیب مقصود کے ذمہ دارانہ اور ناقابل تسخیر 89 رنز کے علاوہ ایک اور نوجوان آل راؤنڈر فواد عالم کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لئے 19.3 اوورس میں 7.53 کی اوسط سے بنائے جانے والے 147 رنز کی پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ونڈے میں ڈک ورتھ لوئس نظام کے تحت سنسنی خیز مقابلہ میں 4 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی۔ 45 اوورس میں سری لنکا نے 275/7 رنز اسکور کئے۔ جوابی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے 44.5 اوورس میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بناتے ہوئے پہلے ونڈے میں کامیابی اور 3 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ مقصود نے 79 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 89 رنز اسکور کئے جبکہ شاہد آفریدی نے 10 گیندوں میں 2 چوکوں کے ہمراہ 14 رنز اسکور کئے جس میں آخری اوور کی پانچویں گیند پر کامیابی کے لئے لگایا جانے والا چوکا بھی شامل ہے۔
آفریدی اور مقصود کے درمیان 2.5 اوورس میں 24 رنز کی ناٹ آؤٹ اور اہم پارٹنرشپ بنی۔ مقصود اور فواد عالم جس وقت وکٹ پر یکجا ہوئے اُس وقت پاکستانی ٹیم 106/5 رنز کی نازک صورتحال سے پریشان تھی یونکہ احمد شہزاد 49 رنز، محمد حفیظ 21 رنز، یونس خان 3 رنز، عمر اکمل 15 رنز اور مصباح الحق 13 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے اور ٹیم کو کامیابی دلانے کی ساری ذمہ داری اِن دو نوجوان بیٹسمنوں پر عائد ہوچکی تھی۔ علاوہ ازیں فواد عالم نے 61 گیندوں میں 60 چوکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے۔ سری لنکا کے لئے میتھیوز نے 48 اور پریرا نے 43 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیاٹنگ کے لئے مدعو کیا جس نے مہیلا جئے وردھنے 63 ، کپتان میتھیوز کے 89 رنز کی بدولت 275/7 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا۔ میتھیوز نے 85 گیندوں میں 9 چوکے اور 2 چھکوں کی ایک شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کے لئے وہاب ریاض نے 3 اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں لیں۔