مفت تعلیم کی فراہمی کے اعلان کا خیرمقدم

بودھن میں طلبہ کی ریالی ، چیف منسٹر سے اظہار تشکر
بودھن۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گورنمنٹ جونیر کالج بودھن اور گورنمنٹ مدھو ملنچہ جونیر کالج میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی کثیر تعداد آج اپنے کالجس تا امبیڈکر چوراستہ ریالی کی شکل میں پہونچے۔ جہاں سرکاری جونیر کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کو فیس معاف کئے جانے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آتش بازی کی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تصویر کو دودھ سے دھوکر ریاستی حکومت کی طرف سے مفت تعلیم کی فراہمی کے اعلان پر مسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر موجود ڈسٹرکٹ وکیشنل آفیسر نظام آباد مسٹر اوڈنا نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے طلبہ کو فیس معاف کئے جانے کے فیصلے پر ضلع نظام آباد کے سرکاری جونیر کالجس میں زیر تعلیم تقریباً 12ہزار طلباء کو فی الفور فائدہ ہوگا۔مسٹر اوڈنا نے کہا کہ اکثر غریب و متوسط طبقہ کے طلبہ سرکاری کالجس میں داخلہ حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی تعلیمی اداروں کی بہ نسبت سرکاری کالجس میں قابل لکچررس خدمت انجام دے رہے ہیں۔ ڈی وی او نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طلبہ کو دی جانے والی سہولیات سے اولیائے طلبہ کو واقف کروانا لکچررس کے علاوہ ہر ایک ذمہ دار شہری کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نئی فیس معاف پالیسی کے اعلان کے بعد توقع ہے کہ اس سال گزشتہ تعلیمی سال سے زیادہ طلبہ سرکاری کالجس کا رُخ کریں گے۔ اس موقع پر کالج ہذا کے پرنسپالس چرنجیوی، چندر شیکھر کے علاوہ لکچررس نکہت کوثر، عفت نسرین، پی پراوین کمار، سرینواس، پرکاش، ایس سویتا، پرسنا رانی، جی سچیتا اور فزیکل ڈائرکٹر جناب محمد شکیل کے علاوہ گورنمنٹ جونیر کالج و مدھو ملنچہ جونیر کالج کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔