مفاد کی خاطر فرقہ پرستوں سے سودہ بازی نام نہادقیادت کا شیوہ

بھینسہ میںجلسہ عام سے ویلفیر پارٹی کے قائدین کا خطاب، وٹھل ریڈی کو ووٹ دینے کی اپیل

مدہول۔/27اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانوں کی نام نہاد مفاد پرست قیادت قوم کے نام پر لاکھوں روپیہ وصول کرتے ہوئے مسلمانوں کو فرقہ پرستوں کے ہاتھوں فروخت کررہی ہے اور دوسری جانب مسلمانوں سے ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں اور مسلمانوں کو طرح طرح سے گمراہ کرنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ جبکہ حلقہ اسمبلی مدہول میں گذشتہ 5سالوں میں کتنی فرقہ پرستی میں اضافہ ہوا ہے اس کے ذمہ دار کون ہیں؟۔ ان خیالات کا اظہار جناب مجیب احمد ویلفیر پارٹی تعلقہ مدہول صدر جناب سید آصف صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا بھینسہ منڈل، جناب عمر چودھری، جناب عبدالجبار بنارسی نے بھینسہ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ایس وینوگوپال چاری رکن اسمبلی مدہول کو بھینسہ کی نام نہاد مفاد پرست قیادت نے تائید کرکے کامیاب بنایا اور مسلمانوں کو پانچ سال ہوا کھانے چھوڑ دیا۔ انہوں نے انتخابی جلسہ میں مسلمانوں سے بڑے بڑے وعدے کرتے ہوئے کہا کہ چاری کو میں ہاتھ اور کان پکڑ کر کام کرواسکتا ہوں لیکن افسوس کہ 3ماہ کے اندر مسٹر چاری نے ان ہی کا کان پکڑ کر باہر کردیا۔ اس کے فوری بعد انہوں نے چاری کو بہت برا بھلا کہا، اب پھر اچانک ان کی تائید سے حلقہ مدہول کے مسلمان برہم ہوتے ہوئے تعجب کا اظہار کررہے ہیں کہ کوئی سیاست کیلئے اتنا بھی گرسکتا ہے، اپنے مفاد کی خاطر جسے چاہے فرقہ پرست بنادے اور جسے چاہے سیکولر، ایسی قیادت کو عوام اب سبق سکھانا چاہتی ہے۔ آج پھر چای سے سودا بازی کرتے ہوئے مسلمانوں کو فروخت کردیا اور مسلمانوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل ہی نہیں بلکہ بی وٹھل ریڈی جیسے پاک دامن آدمی پر کیچڑ اچھالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن اب ان کی بناوٹی باتوں سے عوام بیزار ہوچکے ہیں۔ مسٹر چاری نے حلقہ مدہول میں کوئی ترقیاتی کام تو انجام نہیں دیا لیکن مدہول میں فرقہ پرستی میں زبردست اضافہ کردیا۔ مدہول کے مسلمان کے پاس اس کارنامہ کیلئے زبان سے بدعا کے سوا اور کچھ الفاظ نہیں ہیں۔ اس لئے حلقہ مدہول کے ویلفیر پارٹی اور دیگر مسلم قائدین نے مسٹر جی وٹھل ریڈی کو ووٹ ڈالنے کی اپیل ہی نہیں بھرپور تائید بھی کررہے ہیں۔ 30اپریل کو ہاتھ کے نشان کو ووٹ دینے کی حلقہ مدہول کے مسلمانوں سے اپیل کی۔ مسٹر بی وٹھل ریڈی امیدوار حلقہ اسمبلی مدہول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی جانب سے یہ عظیم الشان جلسہ عام جس میں مسلمانوں کی کثیر تعداد اس بات کی علامت ہے کہ اب میری کامیابی یقینی ہے۔ میں اقتدار میں نہ رہتے ہوئے حلقہ مدہول کے ہر مواضعات میں مسلم قبرستان، درگاہوں، مساجد کیلئے فنڈس کی منظوری اور سی ایم فنڈ سے حلقہ مدہول کے مصیبت زدہ افراد کی مدد کرنے میں آندھرا پردیش میں دوسرے نمبر پر حلقہ مدہول کو روپیہ دیا گیا۔ اس طرح میرے دل میں مسلمانوں کیلئے بہت بڑا مقام ہے، ان کی خدمت کرنے کیلئے ہی میدان میں آیا ہوں۔ حلقہ مدہول میں چاری نے پانچ سال میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے، صرف حکومت کی منظور کردہ عمارات کا چار چار مرتبہ افتتاح ضرور کیا اس بات سے حلقہ مدہول کے عوام بخوبی واقف ہیں یہاں تک کہ حکومت مزدوروں کو مفت سبل دے رہی ہے تو اس کو بھی تقسیم کرنے پہنچ جاتے تھے۔ اس موقع پر جناب منہاج الحق عادل نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض جناب الیاس بیگ نے ادا کئے۔ اس موقع پر عبدالرزاق سابق وقف بورڈ چیرمین عادل کے علاوہ ویلفیر پارٹی قائدین کانگریس پارٹی قائدین اور مسلمانوں کی کثیر تعداد تعلقہ مدہول سے اس جلسہ میں شریک تھی۔