مغوی فوجیوں کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری رکھنے اسرائیل کا اعلان

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاں جنگی قیدی بنائے گئے اسرائیلی فوجیوں کی رہائی کیلئے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ ہر سطح پر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق نتن یاہو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے غزہ میں یرغمال بنائے گئے چار اسرائیلی فوجیوں کی بازیابی کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ فوجیوں کو رہا کرانے کے لیے مختلف اطراف سے رابطے جاری ہیں، جلد ہی اس حوالے سے قوم خوش خبری سنے گی۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ حکومت نے غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے دو فوجیوں ارون شال اورھدار گولڈن کے ساتھ ساتھ دو دوسرے اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے لیے رابطے جاری ہیں۔