بہن کی خودکشی پر بھائیوں کا انتقام، ملزمین جیل منتقل
حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) مغل پورہ پولیس نے الفا ہاسپٹل میں پیش آئی سنسنی خیز قتل کی واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے 2 ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس میرچوک مسٹر بی آنند نے کہاکہ 10 ستمبر کو محمد خواجہ معین الدین ساکن فلک نما اپنی بیوی کے طبی معائنے کے لئے الفا ہاسپٹل پہونچا تھا، جہاں پر 46 سالہ محمد الیاس ادریس اور اُس کے رشتہ دار محمد رحمت حسین نے مبینہ طور پر اُس پر چاقوؤں سے اچانک حملہ کرکے اُسے ہلاک کردیا۔ اِس واقعہ کے بعد ہاسپٹل میں سنسنی پھیل گئی تھی اور پولیس نے شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ پولیس نے سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی اور تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا کہ مقتول کے چھوٹے بھائی خواجہ نظام الدین نے جس کی شادی عفت فاطمہ سے ہوئی تھی، شادی کے چند ماہ بعد عفت نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔ اِس واقعہ کے بعد لڑکی کے بھائیوں نے مقتول کو اِس خودکشی کا ذمہ دار قرار دیا تھا اور انتقامی کارروائی کے طور پر خواجہ معین الدین کا مبینہ قتل کردیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔