مغربی کنارہ میں2 فلسطینی نوجوان ہلاک

یروشلم ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی کنارہ میں آج اسرائیلی فوج نے 2 فلسطینی کمسن لڑکوں کو فائرنگ میں ہلاک کردیا جس میں ایک 12 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فوج اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان تازہ جھڑپوں میں متعدد اسرائیلی شہری ہلاک اور سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث اس علاقہ میں تشدد بھڑکنے کا خطرہ لاحق ہوگیا۔ 13 سالہ لڑکا عبدالرحمن شاری کے سینہ میں ایک گولی پیوست ہوجانے سے شہید ہوگیا جبکہ دوسرا فلسطینی لڑکا بیت اللحم میں تصادم کے دوران شدید زخمی ہوگیا۔ مقامی ہاسپٹل کے ایک ڈاکٹر نے یہ اطلاع دی۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اس کے دستوں کی فائرنگ کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے گی۔ قبل ازیں پیر کی صبح ایک 18 سالہ نوجوان کو شمال مغربی کنارہ ٹاؤن تلکرام میں ہلاک کردیا تھا جہاں پر اسلامی تنظیم حماس کے زیراہتمام فلسطینی نوجوانوں نے ایک ریالی نکالی تھی۔ احتجاجیوں نے فوجیوں پر آتشی بم، جلتے ہوئے ٹائر اور پتھر پھینکے تھے جس کے بعد فوج نے آنسو گیس کے شیل داغے اور فائرنگ کردی۔