کولکتہ۔ 9؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مغربی بنگال میں ’جنگل راج‘ چلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے ریاست میں جنگل راج چلاکر صورتِ حال کو نازک بنادیا ہے۔ ریاستی بی جے پی صدر راہول سنہا نے کہا کہ ان کی پارٹی اسمبلی میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے گی۔ میں نے اپنی پارٹی کے قائدین سے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے۔ پارٹی کے واحد رکن اسمبلی شمیک بھٹاچارجی میں تحریک پیش کریں گے۔ ٹی ایم سی حکومت کی غلط حکمرانی اور جنگل راج کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا بی جے پی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لئے مطلوب ارکان کی تعداد کس طرح پورا کرے گی جب کہ 294 رکنی اسمبلی میں اس کا صرف ایک ہی رکن ہے؟ تو راہول سنہا نے کہا کہ سابق اسپیکر نے ان پارٹیوں کو اہمیت دی تھی جن کی اسمبلی میں اکثریت کم تھی۔ اگرچہ کہ یہ کوئی سخت یا فرسودہ قانون نہیں ہے، ہم کو توقع ہے کہ موجودہ اسپیکر بھی اپنی اس مثال پر عمل کریں گے۔ انھوں نے اس خصوص میں کوئی خاص جواب نہیں دیا کہ آیا وہ اس سلسلہ میں دیگر ارکان اسمبلی سے بات چیت کررہے ہیں۔ راہول سنہا نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت کی اراضی پالیسی سے صنعتی برادری میں اُلجھن پیدا ہوئی ہے۔