مغربی بنگال میں بی جے پی ورکرس پر حملہ، پارٹی وفد کی روانگی

نئی دہلی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے بعد مغربی بنگال میں بی جے پی ورکرس پر حملوں کا سخت نوٹ لیتے ہوئے صدر پارٹی راج ناتھ سنگھ نے فیصلہ کیا ہیکہ پانچ رکنی ٹیم کو مغربی بنگال روانہ کیا جائے اور حقائق سے واقفیت حاصل کی جائے۔ بی جے پی کے نائب صدر اور ایم پیز ایس ایس اہلوالیہ اور مختار عباس نقوی، پارٹی کے قومی ترجمان و نئی دہلی ایم پی میناکشی لیکھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ علاوہ ازیں پارٹی کے مابقی ارکان میں آسنسول سے منتخبہ بی جے پی ایم پی بابل سپریو اور سدھارتھ ناتھ سنگھ ہیں جو مغربی بنگال میں پارٹی امور کے معاون انچارج ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں مغربی بنگال میں بی جے پی ورکرس پر حملوں کی متعدد رپورٹس ملی ہیں اور ترنمول کانگریس کو مبینہ طور پر قصوروار ٹھہرایا جارہا ہے چونکہ بی جے پی نے مغربی بنگال میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ مغربی بنگال کی بی جے پی یونٹ نے ادعا کیا ہیکہ ترنمول کانگریس کیڈرس کے مبینہ حملوں میں اب تک بی جے پی کے 200 ورکرس زخمی ہوچکے ہیں۔