مغربی بنگال میں بند کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی:ممتابنرجی

کولکتہ 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے بائیں بازو پارٹیوں اور بی جے پی کی جانب سے 30 اپریل کو کی گئی بند کی اپیل کی مخالفت کی اور خبردار کیا کہ جو کوئی بند میں حصہ لے گا اس کے خلاف نظم و نسق کی جانب سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ ممتا بنرجی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں ہمارا موقف واضح ہے کہ یہاں کوئی بند منانے نہیں دیا جائے گا کوئی ہڑتال نہیں ہوگی ‘ ہم بند اور ہڑتال کے سخت خلاف ہیں ۔ نظم و نسق کی جانب سے ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جنہوں نے بند میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم ان لوگوں کو مغربی بنگال کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ مغربی بنگال بی جے پی یونٹ نے 30 اپریل کو 12گھنٹے کا ریاست گیر بند کا اعلان کیا ہے ۔ اس سے ایک دن قبل بائیں بازو پارٹیوں نے بھی بند کی اپیل کی تھی ۔ ان پارٹیوں نے بلدی انتخابات کے دوران حکمران ترنمول کانگریس کی جانب سے دہشت اور تشدد پھیلانے کے الزام کے تحت احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آج کے بلدی انتخابات کے نتائج معلوم کرنے کے بعد بھی لوگ اپنے بند کے اعلان کو واپس لیں گے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے کولکتہ میونسپل کارپوریشن میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے جبکہ مواضعات اور مضافات میں بھی ترنمول کانگریس کو سبق مل رہی ہے ہم عوام کے ساتھ ہیں لہذا مغربی بنگال میں کوئی بند نہیں منایا جائے گا ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ٹریڈ یونینوں نے مرکزی حکومت کے خلاف ٹرانسپورٹ ہڑتال کی اپیل کی ہے تو پھر اچانک ہمارے حکومت بند کی اپیل کیوں ہوئی ہے ۔