معین علی کی نصف سنچری انگلینڈ 206 رنز پر آل آوٹ

برمنگھم ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف جس مقابلہ میں انگلینڈ کو کامیابی اشد ضروری تھی تاکہ وہ سیریز میں واپسی کرسکے لیکن اس مقابلہ میں بھی انگلینڈ کا مظاہرہ مایوس کن رہا اور وہ 49.3 اوورس میں 206 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ ٹیم میں سیریز کیلئے پہلی مرتبہ شامل کئے گئے آل راونڈر معین علی نے پھر ایک مرتبہ شاندار مظاہرہ کیا جیسا کہ ٹسٹ سیریز میں انہوں نے اپنی بولنگ کے ذریعہ ہندوستانی بیٹسمینوں کو پریشان کیا تھا۔ تاہم اس مرتبہ انہوں نے تیز رفتار نصف سنچری کے ذریعہ ٹیم کے اسکور کو 200 رنز کے ہندسہ سے آگے پہنچایا۔ لوور آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے معین علی نے 50 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 67 رنز اسکور کئے۔ ٹیم کیلئے دوسرا اعظم ترین انفرادی اسکور جیوروٹ نے بنایا جنہوں نے 81 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 44 رنز اسکور کئے جبکہ ایان مرگن نے 58 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 32 رنز اسکور کئے ہیں۔ مہیندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا

اور فاسٹ بولروں کی جوڑی بھونیشور کمار کے ہمراہ محمد سمیع نے انگلش ٹاپ آرڈر کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے 8 اوورس میں اسے 23/3 تک محدود رکھا۔ الیسٹرکک 19 گیندوں میں 9 رنز، ہالیس 7 گیندوں میں 6 رنز اور گیری بیلنس 19 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سیریز کے ابتدائی مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر نے ٹیم کو ابتدائی نقصانات سے باہر نکالنے کی کوشش میں نہ صرف اپنی بیٹنگ دھیمی کرلی بلکہ وہ اپنے اس مقصد میں کامیاب بھی نہیں ہو پائے جیسا کہ 24 گیندوں میں وہ صرف 11 رنز اسکور کر پائے۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع کا مظاہرہ شاندار رہا جنہوں نے 7.3 اوورس میں 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بھونیشور کمار 8 اوورس میں 14 رنز کے عوض 2 اور رویندر جڈیجہ 10 اوورس میں 40 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ہندوستان نے اس مقابلہ میں دھول کلکرنی کو ونڈے کیریئر کے آغاز کا موقع فراہم کیا۔ تاہم وہ کمار کے ہمراہ نئی گیند سے بولنگ کرنے کے باوجود 7 اوورس میں 35 رنز دیئے اور وکٹ حاصل نہیں کر پائے۔