معین علی انگلینڈ ٹیم میں شامل

لندن۔ 8؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ انگلینڈ اور ویلز (ای سی بی) کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف 12 جون سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ای سی بی نے پہلی بار تین نئے کھلاڑیوں کرس جورڈن، سیم روبسن اور معین علی کو ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ کرس جورڈن کے علاوہ انگلینڈ نے پاکستانی نژاد معین علی کو بھی ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ معین علی اس سے پہلے انگلینڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔ برمنگھم میں پیدا ہونے والے معین علی اوسٹرشائر کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ وہ مڈل آرڈر بلے باز اور آف اسپن بولر ہیں۔ معین علی کو گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پروفیشنل کرکٹرس اسوسی ایشن کے طرف سے ’پلیئر آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیاگیا تھا۔

آئی پی ایل میں سرینواسن اور مودی کے رول پر تصنیف
نئی دہلی۔ 8؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ بزنس جرنلسٹ سرینواس نے جو میگزین ’انڈیا لیگل‘ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں، ایک نئی کتاب منظر عام پر لائی ہے جس میں آئی پی ایل کی ابتداء اور گزشتہ 7 سال کے دوران پیش آئے تنازعات کی تفصیل ہے۔ انھوں نے 253 صفحات پر مشتمل اس کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلا حصہ سرینواسن اور دوسرا حصہ آئی پی ایل کے بانی للت مودی کے بارے میں ہے۔