معین خان کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری

لاہور۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر معین خان کی عہدے سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ معین خان کا دو سالہ کنٹراکٹ رواں ماہ کے اختتام پر ختم ہو جائے گا۔ تاہم اس سے قبل ہی بورڈ نے معین خان کو عہدے سے برطرفی کے بارے میں باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے۔ معین کو معاہدے کے مطابق اس ماہ کی مراعات بھی ملیں گی۔ سابق چیف سلیکٹر معین اب پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی عہدے پر کام نہیں کریں گے۔ حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے کسینو کو جانے کے بعد معین خان کو وہاں سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا۔ تاہم وضاحت پیش کرنے کے بعد انہیں کسی کیس یا تحقیقات کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ معین خان کی جگہ پی سی بی کی جانب سے ہارون رشید نئے چیف سلیکٹر مقرر کئے گئے ہیں جنہوں نے ذمہ داری سنبھال لی ہے۔