حیدرآباد ۔ /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی سائبر کرائم ٹیم نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس نے اپنی معشوقہ کی مدد سے سابقہ بیوی کو سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض مواد روانہ کررہا تھا ۔ پولیس کے بموجب 30 سالہ اے تلسی داس ساکن ونستھلی پورم کے خلاف اس کی بیوی نے ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن میں مزید جہیز کی ہراسانی کا ایک مقدمہ درج کروایا تھا ۔ تلسی داس اپنی بیوی سے علحدہ رہ رہا تھا ۔ اسی دوران اس کی ملاقات 27 سالہ مونیکا سے ہوئی جس نے اپنے شوہر سے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ دونوں کی ملاقات دوستی میں تبدیل ہوگئی اور ان کے ناجائز تعلقات بھی قائم ہوگئے ۔ اپنی سابقہ بیوی سے انتقام لینے کی غرض سے تلسی داس نے معشوقہ مونیکا کی مدد سے خود کے قابل اعتراض تصاویر لینے کے بعد بیوی کے واٹس اپ اسٹیٹس پر اپ لوڈ کردیئے ۔ تلسی داس کی بیوی نے اس سلسلے میں شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس سائبر کرائم نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے تلسی داس اور اس کی معشوقہ مونیکا کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے جرم میں استعمال کئے گئے موبائیل فون برآمد کرلئے ۔