معراج، انسانی تاریخ کا بے مثال واقعہ

کوڑنگل میں منعقدہ جلسہ سے مولانا عبد الرشید و دیگر مقررین کا خطاب
کوڑنگل /17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) واقعہ معراج انسانی تاریخ کا بے مثال واقعہ ہے۔ اس شب میں اللہ تعالی نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے عظیم الشان اعزازات سے نوازا، جو کسی اور نبی کو نہیں ملے۔ اس شب میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو پہلے مسجد حرام سے مسجد اقصی تک براق جیسی عظیم الشان سواری پر لے جایا گیا، جہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام انبیائے سابقین کی امامت فرمائی اور امام الانبیاء کے خطاب سے سرفراز ہوئے۔ پھر حضرت جبرئیل امین علیہ السلام کے ہمراہ آسمانوں پر تشریف لے گئے۔ ساتوں آسمانوں کی سیر فرمائی، مختلف انبیاء کرام سے ملاقات کی اور عجائبات قدرت کا مشاہدہ فرمایا۔ بیت المعمور، سدرۃ المنتہی اور عرش و کرسی کو ملاحظہ کرتے ہوئے خاص بارگاہ خداوندی میں حاضر ہوئے اور نوازشات الہی سے سرفراز ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس انتظامی جامع مسجد کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ شب معراج سے خطاب کے دوران امام و خطیب مسجد ہذا مولانا محمد عبد الرشید نے کیا۔ انھوں نے فلسفہ معراج بیان کرتے ہوئے کہا کہ معجزہ معراج کا خاص تحفہ امت محمدیہ کے لئے نماز پنجگانہ کی فرضیت ہے۔ نماز مؤمن کی معراج ہے، جس کے ذریعہ بندہ اپنے رب کریم کا قرب حاصل کرسکتا ہے۔ انھوں نے مسلمانوں کو اسوہ حسنہ پر چلنے کی تلقین کی اور نماز پنجگانہ کی ادائیگی پر زور دیا۔ اسی دوران مکہ مسجد میں مولانا محمد عبد المنان رہبر وجودگی چشتی القادری خطیب مسجد ہذا اور محمد شاکر قادری نے مخاطب کرتے ہوئے واقعہ معراج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جب کہ مسجد ابراہیمیہ میں مولانا محمد عبد الباسط رشادی صدر جمعیۃ العلماء کوڑنگل، حافظ محمد یوسف اور جناب فیض الدین نے مخاطب کیا۔ جناب حافظ محمد نصیر احمد سراجی نے کارروائی چلائی۔ مسرز محمد اقبال الرحمن، محمد عبد المعید، محمد معراج، اقبال الہی، اظہر بن مقصود، محمد عارف، محمد سہیل، مشرف حسین، مولانا سید خواجہ معین اللہ شاہ قادری و اعجازی اور مرتضی حسین وغیرہ نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔