کابل 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے آج ہندوستانی قونصل خانہ برائے ہرات (افغانستان) کا جائزہ لیا جس پر گزشتہ ہفتہ حملہ کیا گیا تھا۔ سجاتا سنگھ آج صبح بذریعہ طیارہ ہرات پہونچیں اور ہندوستانی سفیر برائے افغانستان امر سنہا اور دیگر سینئر عہدیداروں سے ملاقات کی تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ اُن کا یہ مختصر دورہ صرف چند گھنٹے کا تھا۔ معتمد خارجہ نے دلیر ارکان عملہ بشمول آئی ٹی بی پی ارکان عملہ سے ملاقات کی جنھوں نے 23 مئی کو حملہ کا جواب دیا تھا جس میں چاروں حملہ آور دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہرات دارالحکومت کابل سے 800 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ حملہ کے بعد کابل میں ہندوستانی سفارت خانہ اور جلال آباد، مزار شریف اور قندھار کے علاوہ ہرات میں ہندوستانی قونصل خانوں کے حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے اور پورے افغانستان میں ہندوستانی اثاثہ جات کے بارے میں سخت چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔