معاشرہ کو سود کی لعنتوں سے بچانے کی مساعی

کریم نگر ۔ 28 ۔ مئی ( ذریعہ فیاکس ) دی اسلامک ویلفیر سوسائٹی کا ماہانہ مینجنگ کمیٹی کا اجلاس بروز منگل منعقد ہوا ۔ جناب محمد معزالدین نے صدارت کی ۔ ڈاکٹر بشیر احمد نائب صدر نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سود برائیوں کی جڑ ہے سودی لین دین سے کمزور طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے اور غیردرست ذرائع استعمال کرنا شروع کردیتا ہے جس کے وبال سے معاشرہ دیمک کی طرح تباہ و بربادی کی طرف گامزن ہوجاتا ہے ۔ بلاسودی قرض سوسائٹی کا قیام سود کی لعنتوں سے لوگوں کو بچانا ہے ۔ کریم کے مسلم ، غیرمسلم نیز تمام مسالک کے لوگ مختلف کمیٹیوں کے ذمہ دار سوسائٹی سے مستفید ہوتے آرہے ہیںیہ ایک اچھا ثبوت ہے جو ہمارے ملک کے تمام مقامات کو دعوت عمل دے رہا ہے ۔ مابعد جناب محمد عبدالسبحان سکریٹری سوسائٹی نے بتلایا کہ ماہ اپریل 2015 ء میں 57 ممبران میں جملہ 14.67 لاکھ قرض حسنہ منظور کئے گئے جس میں صحت و علاج پر 2.46 لاکھ روپئے ، بزنس کیلئے 2.20 لاکھ ، درستگی مکانات پر 4.42 لاکھ ، شادی بیاہ کیلئے 1.40 لاکھ ، تعلیمی اخراجات کے ضمن میں 2.96 فراہمی روزگار کیلئے 75 ہزار کے علاوہ دیگر گھریلو اخراجات کیلئے 30 ہزار کی لون کمیٹی نے منظوری دی ہے ۔ انفرادی طور پر تمام احباب کو چیکس حوالے کردیئے گئے ہیں ۔ نیز ماہ اپریل میں مزید 19 نئے ممبران کا اضافہ ہوا ہے جنہوں نے اپنے اکاونٹ کھولے ہیں ۔ صدر سوسائٹی نے آئندہ جنرل باڈی میقات 2015 – 19 کی منظوری دی ہے جو کہ 14 جون 2015 بروز اتوار رکھا جائیگا ۔