مظفرنگر مسئلہ پر راہول پر بی جے پی کی تنقید

نئی دہلی ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی تردید کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی نے آج نائب صدر کانگریس راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ مظفرنگر متاثرین فسادات کے بارے میں ’’غلط باتیں‘‘ پھیلا رہے ہیں کہ ان سے پاکستان کی آئی ایس آئی نے ربط پیدا کیا تھا۔ بی جے پی نے راہول گاندھی سے اپنے اس بیان کی وضاحت طلبی کی۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاودیکر نے کہا کہ راہول گاندھی جو کچھ کہہ رہے ہیں، مکمل طور پر جھوٹ ہے۔ یہ جھوٹی باتیں کانگریس پارٹی کا طرہ امتیاز ہیں۔ راہول گاندھی کو چاہئے کہ وہ ملک اور ذرائع ابلاغ کے سامنے اپنے تبصرہ کی وضاحت کریں۔ انہیں کہنا چاہئے کہ انہوں نے ایسی غلط باتیں کیوں کی ہیں۔ جاودیکر نے کہا کہ راہول گاندھی کی جھوٹی باتیں آج بے نقاب ہوگئی ہیں کیونکہ حکومت نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسی کوئی معلومات حاصل نہیں ہوئیں جن سے پتہ چلتا کہ پاکستان کے محکمہ سراغ رسانی آئی ایس آئی نے یو پی کے شہر مظفرنگر کے فسادات کے متاثرین سے ربط پیدا کیا تھا۔ راہول گاندھی نے اکٹوبر 2013ء میں یہ تبصرہ کرتے ہوئے کہ آئی ایس آئی مظفرنگر کے متاثرین فسادات سے ربط برقرار رکھے ہوئے ہے

اور چاہتی ہیکہ انہیں اپنے نفرت انگیز عزائم کیلئے استعمال کرے، ایک تنازعہ کھڑا کردیا تھا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ آر پی این سنگھ نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی محکمہ سراغ رسانی کو دستیاب معلومات کے بموجب انہیں ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی جس سے پتہ چلتا کہ آئی ایس آئی نے اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کے خاندانوں سے جو حالیہ فرقہ وارانہ فسادات سے متاثر ہوئے تھے، ربط پیدا کیا ہے۔ دہلی پولیس نے جنوری میں دعویٰ کیا تھا کہ لشکرطیبہ کے دو مشتبہ کارکن مظفر نگر علاقہ کے دو افراد سے ملاقات کرچکے ہیں۔ تاہم پولیس نے اس بات کی تردید کی کہ دونوں مقامی شہری مظفرنگر کے تھے اور متاثرین فسادات تھے یا پھر وہاں ہونے والے تشدد میں ملوث تھے یا اس تشدد سے ان کا کوئی تعلق تھا۔