مصر میں 2 بسوں کا تصادم ، 33 ہلاک، 41 زخمی

قاہرہ 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) 2 ٹورسٹ بسوں کے شرم الشیخ کے قریب جنوبی سینائی میں قومی شاہراہ پر تصادم سے کم ازکم33 افراد بشمول غیر ملکی سیاح ہلاک اور دیگر 41 زخمی ہوگئے۔ دونوں بسوں میں تقریباً 80 مسافر بشمول غیر ملکی سیاح سوار تھے جس میں شرم الشیخ سے 50 کیلو میٹر کے فاصلے پر آج صبح قومی شاہراہ پر یہ تصادم ہوا۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی اندیشہ ہے۔ جنوبی سینائی میں وزارت صحت کے انڈر سکریٹری محمد لاسبین نے کہاکہ فی الحال نعشیں ملبہ سے برآمد کی جارہی ہیں۔ ہلاکتوں کی قطعی تعداد یقین کے ساتھ ظاہر نہیں کی جاسکتی۔ مقام واردات پر 30 ایمبولنس کاریں کارروائی میں مصروف ہیں۔ مصر میں دنیا میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے ہوتے ہیں جن کی وجہ سے لاپرواہی سے ڈرائیونگ، سڑکوں اور گاڑیوں کی حالت ہوتی ہے جس کی وجہ سے سالانہ ہزاروں افراد فوت اور زخمی ہوتے ہیں۔ ایک حالیہ رپورٹ کے بموجب 2013 ء میں مصر میں 15,578 کار حادثہ ہوئے تھے جن میں 6,716 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔