قاہرہ ۔8مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے 70عسکریت پسند گذشتہ ہفتہ فوجی دھاؤں میں ہلاک کردیئے گئے ۔ 118 مطلوب اور مشتبہ عسکریت پسند یکم مارچ تا 7مارچ کے دوران گرفتار کرلئے گئے ۔ 27عسکریت پسندوں کے اڈے تباہ کردیئے گئے ۔ فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل محمد سمیر نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے زیر استعمال 108گاڑیاں اور موٹر سیکلیں جو پولیس اور فوج پر حملوں میں استعمال کی گئی تھی تباہ کردی گئیں ۔ مصر کے سینائی علاقہ میں عسکریت پسندوں نے جنوری 2011ء کے انقلاب کے بعد جس میں آمرحسنی مبارک کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیاتھا ‘ عسکریت پسندوں نے کئی پُرتشدد حملے کئے ہیں جن کا نشانہ پولیس اور فوج تھے ۔ سابق صدر محمد مُرسی کے بیدخلی کے بعد ان حملوں کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ دریں اثناء مصر میں ایک بینک کے باہر بم دھماکے سے ایک ملازم پولیس کی موت کے بعد ہلاکتوں کی جملہ تعداد 3ہوگئی ۔ یہ بم دھماکہ مہالیہ الکوبرا شہر غربیا حکمرانی میں کل کیا گیا تھا جس سے دو افراد ہلاک اور دیگر 16زخمی ہوگئے تھے ۔ زخمیوں میں سے ایک ملازم پولیس آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ فوج نے علاقہ کا محاصرہ کرلیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔ مصر کی فوج نے اس علاقہ میں مشتبہ افراد کی گرفتاری اور دہشت گردوں کے مکانوں کو منہدم کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے ۔ تاحال دہشت گردوں کے حملوں میں 500سے زیادہ پولیس ملازمین اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں ۔