قاہرہ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)مصر کے شورش زدہ علاقہ جزیرہ نما سیناء میں جمعرات کو جنگجوؤں نے بیک وقت مختلف مقامات پر پانچ حملے کئے ہیں جن میں 15 فوجی اور 2 شہری ہلاک ہوگئے۔فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں 15 جنگجو بھی ہلاک ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق جنگجوؤں نے شمالی سیناء کے صوبائی دارالحکومت العریش سے مشرق میں واقع قصبے شیخ زوید کے جنوب میں مصری سکیورٹی فورسز کے چیک پوائنٹس پر راکٹوں اور خود کار ہتھیاروں سے حملے کئے۔ان حملوں کے بعد ان کی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ ہوگئی جس میں دونوں طرف سے 30ہلاکتیں ہوئی ہیں۔فوری طور پر کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن ماضی میں سیناء میں مصری سکیورٹی فورسز کے خلاف برسرپیکار داعش سے وابستہ جنگجو گروہ انصار بیت المقدس ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتا رہا ہے۔واضح رہے کہ العریش اور سیناء کے دوسرے علاقوں میں جولائی 2013ء میں منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے جنگجو گروپ سکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کر چکے ہیں۔ انصار بیت المقدس نے گذشتہ سال کے آخر میں اپنا نام تبدیل کر لیا تھا اوراپنا نیا نام صوبہ سینا رکھ لیا تھا۔ سیکوریٹی فورسیس نے اس علاقہ میں تلاشی مہم شروع کی ہے اور مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ جن مکانات کو منہدم کیا گیا وہ دہشت گرد سے تعلق رکھتے تھے۔ غزہ پٹی جانے والے سرنگوں کا پتہ چلا کر انہیں مسدود کیا جارہا ہے۔